مقبوضہ غزہ (رپورٹنگ آن لائن)غزہ میں جنگ بندی کے معاہدے تک پہنچنے کے لیے بات چیت جاری ہے۔ دوسری جانب اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو کا اصرار ہے کہ اسرائیل مصر کے ساتھ غزہ کی پٹی کی سرحد پر واقع فلاڈیلفیا کوریڈور پر اپنا کنٹرول برقرار رکھیگا۔میڈیارپورٹس کے مطابق وزیر اعظم کے دفتر نے بتایاکہ اسرائیل فلاڈیلفیا کوریڈور سے پیچھے ہٹنے کے لیے بات نہیں کررہا اور اس حوالے سے میڈیا میں شائع ہونے والی خبریں بے بنیاد ہیں۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم کا اصرار ہے کہ فلاڈیلفیا کوریڈور اسرائیل کے کنٹرول میں رہیگا۔بیان میں خبر رساں ادارے کی اس خبر کو بے بنیاد قرار دیا جس میں کہاگیا تھا کہ اسرائیل فلاڈیلفیا کوریڈور سے دستبرداری کے امکان پر بات کر رہا ہے۔
یہ بات اس وقت سامنے آئی ہے جب مصری میڈیا نے ایک سینیر ذریعہ کے حوالے سے کہا کہ غزہ کی پٹی کے ساتھ سرحد کے بارے میں مصر۔ اسرائیل کے سکیورٹی انتظامات کے وجود کے بارے میں جو باتیں گردش کر رہی ہیں اس میں کوئی صداقت نہیں ہے۔
سرحد پر اسرائیلی افواج کے باقی رہنے کا مسئلہ جنگ بندی کے معاہدے تک پہنچنے میں رکاوٹ بننے والے مسائل میں سے ایک ہے، کیونکہ حماس اور مصر اسرائیل سے اپنی فوج وہاں سے نکالنے کامطالبہ کررہے ہیں۔اگر مذاکرات میں شامل فریقین تفصیلات پر متفق ہو جائیں تو جنگ بندی کے معاہدے کی راہ ہموار ہو سکتی ہے، لیکن بہت سی دوسری رکاوٹیں باقی ہیں۔