نان بائیوں

نان بائیوں نے روٹی اور نان کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافہ کر دیا

راولپنڈی(رپورٹنگ آن لائن )نان بائیوں نے روٹی اور نان کا وزن اور معیار کم کر کے قیمتوں میں مزید اضافہ کر دیا ، پتیر ی روٹی سے روغنی نان اور تندوری پراٹھے تک کی قیمتوں میں مختلف شرح سے اضافہ کے بعد یہ قیمت 8روپے سے30روپے تک پہنچ گئی ۔

معلومات کے مطابق ٹنچ بھاٹہ ،ڈھیری حسن آباد ،ڈھوک سیداں مسلم ٹاؤن ، صادق آباد ، سٹلائیٹ ٹاؤن، ڈھوک کھبہ ، ڈھوک رتہ اور خیابان سرسید سمیت شہرو کینٹ میں روٹی کی قیمتوں میں خود ساختہ اضافے کے ساتھ ہی معیار اور وزن بھی کم کر دیا گیا ہے ۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ غیر معیاری آٹے سے تیار کردہ بسکٹ نما پتیری روٹی کی نئی قیمت 8روپے کر دی گئی جبکہ خمیر کے نام پر فروخت کی جانے والی روٹی کی وزن50فیصد کم کر کے اس کی قیمت13روپے کر دی گئی ہے جبکہ ناشتے میں کلچے کی آڑ میں فروخت ہونے والے نان میں وہی آٹا استعمال کیا جاتا ہے جسے دن اور رات کے اوقات میں خمیر کے طور بیچا جاتا ہے اور ناشتے میں اس پر معیاری تلوں کی بجائے تلوں کا برادہ اور چھلکا لگا کر 15روپے میں فروخت کیا جاتا ہے ۔

شہریوں کے مطابق ضلعی انتظامیہ اور پرائس کنٹرول مجسٹریٹ تندوروں کے خلاف کاروائی سے گریزاں ہیں ۔شہریوں کے مطابق کم وزن میں غیر معیاری روٹی کی مہنگے داموں فروخت پر احتجاج کرنے والے گاہکوں سے تندور مالکان دست و گریبان ہوتے ہیں ۔