اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)سیکرٹری جنرل پیپلز پارٹی پارلیمنٹرینز نیئر بخاری نے کہا ہے کہ نئے صوبوں پر اعتراض نہیں، آئینی طریقہ کار اختیار کیا جائے۔ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ وزیرِ اعظم اپنی پوزیشن واضح کریں، پیپلز پارٹی آئین سے انحراف قبول نہیں کریگی، وزیرِ اعظم کابینہ کو اعتماد میں لے کر نئے صوبوں کا معاملہ پارلیمان میں لائیں۔نیئر بخاری نے کہا کہ بلاول بھٹو کا موقف واضح، پیپلز پارٹی کی پالیسی آئین کی بالادستی ہے، نئے صوبوں یا ریفرنڈم کا فیصلہ پارلیمان کا آئینی اختیار ہے، کسی سویلین حکومت نے ریفرینڈم نہیں کرایا۔
انہوں نے کہا کہ وزیرِ اعظم بتائیں آئینی راستہ اختیار کرنا ہے یا ماورائے آئین راستہ؟ وزرا کے متضاد بیانات حکومتی پالیسی میں ابہام پیدا کر رہے ہیں، بلاول بھٹو نے پارٹی پالیسی بیان کی، ردِعمل دینا ان کا سیاسی حق ہے۔سیکرٹری جنرل پیپلز پارٹی پارلیمنٹرینزنے کہا کہ آصف علی زرداری کا کردار ہمیشہ مصالحانہ رہا ہے، صدر اور وزیرِ اعظم کی ملاقاتیں خوش آئند ہیں، پیپلز پارٹی آئین سے انحراف کے کسی اقدام پر خاموش نہیں رہے گی۔نیئر بخاری نے کہا کہ آئین کے تحت حکومت کی مدت پوری کرنے کی پیپلز پارٹی کی کمٹمنٹ ہے، پیپلز پارٹی جمہوری حکومتوں کی آئینی مدت پوری کرنے کی حامی ہے، پیپلز پارٹی کا ہر کارکن چیئرمین بلاول بھٹو کے موقف کے ساتھ کھڑا ہے۔
انہوںنے کہاکہ رانا ثنا اللہ دھمکیوں کے بجائے آئینی فورمز سے رجوع کریں، پیپلز پارٹی دھمکیوں سے ڈرنے والی جماعت نہیں، رانا صاحب کوشش کر کے دیکھ لیں، نئے صوبوں کا معاملہ تجارتی گروپس نہیں، پارلیمان میں طے ہونا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو فیئر ٹرائل نہ ملنے کا تاثر نہیں ہونا چاہیے، پیپلز پارٹی کا اصولی موقف ہے کہ سیاسی اختلافات کا فیصلہ آئین اور پارلیمان میں ہو۔









