میو ہسپتال 55

میو ہسپتال میں لیپروسکوپک سرجری کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا: پروفیسر فواد نصراللہ

لاہور (رپورٹنگ آن لائن) میو ہسپتال کے شعبہ یورالوجی میں جدید ترین لیپروسکوپک (کیمرہ پر مبنی) سرجری کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا۔ اس جدید تکنیک کے ذریعے اب گردے اور مثانے کی پیچیدہ سرجریز بغیر کٹ، انتہائی کم تکلیف اور بہت مختصر وقت میں انجام دی جا سکیں گی۔چیئرمین شعبہ یورالوجی میو ہسپتال، پروفیسر ڈاکٹر فواد نصر اللہ نے بتایا کہ اس جدید لیپروسکوپک ٹاور اور جدید طبی نظام کی فراہمی وائس چانسلر کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر ایاز محمود اور سی ای او میو ہسپتال پروفیسر ڈاکٹر شعیب نبی کی خصوصی دلچسپی سے ممکن ہوئی ہے۔ ان کے تعاون سے میو ہسپتال اب عالمی معیار کی یورالوجیکل سہولیات سے آراستہ ہو چکا ہے۔

پروفیسر ڈاکٹر فواد نصر اللہ کی قیادت میں کام کرنے والی ماہر ٹیم میں اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر محمد وقاص، ڈاکٹر محمد عمر، رجسٹرار ڈاکٹر منصور الحق، ڈاکٹر شاہ زمان اور دیگر اراکین شامل ہیں۔اس ٹیم نے حال ہی میں ایک اہم طبی کامیابی حاصل کی۔ شدید ہائیڈرونیفروسس (گردے میں دو لیٹر سے زائد پانی جمع ہونے) کے شکار ایک مریض کا لیپروسکوپک نیفریکٹومی اور ویریکوسیلکٹومی کا کامیاب آپریشن کیا گیا۔اس پیچیدہ سرجری کے باوجود مریض کو اگلے ہی دن ہسپتال سے ڈسچارج کر دیا گیا، جو اس جدید تکنیک کی سب سے بڑی کامیابی ہے۔

پروفیسر ڈاکٹر فواد نصر اللہ نے کہا کہ صوبہ بھر کے مریضوں کے لیے یہ جدید لیپروسکوپک سرجری کی سہولت ایک نعمت ہے۔ اس طریقہ کار سے مریض نہ صرف تیزی سے صحت یاب ہوتے ہیں بلکہ جلد ہی اپنی روزمرہ زندگی میں واپس لوٹ آتے ہیں۔ اس کے علاوہ سرکاری سطح پر بھی غریب اور مستحق مریضوں کو بین الاقوامی معیار کا علاج فراہم کرنے میں مدد مل رہی ہے،میو ہسپتال کا شعبہ یورالوجی اب جدید ترین لیپروسکوپک سہولیات، جدید مشینری اور تجربہ کار ماہرین کی ٹیم کے ساتھ مکمل طور پر فعال ہے۔ یہ سہولت صوبے بھر کے غریب و مستحق مریضوں کو بغیر کٹ اور بین الاقوامی معیار کا علاج فراہم کرنے کے لیے پوری طرح پرعزم ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں