اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)وفاقی ادارہ شماریات نے مہنگائی کے حوالے سے اعداد و شمار جاری کر دئیے، ایک ہفتے کے دوران مہنگائی کی شرح میں 0.15 فیصد اضافہ ہوا اور مہنگائی کی شرح 10.21 فیصد تک پہنچ گئی۔
ادارہ شماریات کے مطابق ایک ہفتے کے دوران 14 اشیا مہنگی اور 7 کی قیمتوں میں کمی کی گئی ، رواں ہفتے 30 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں استحکام رہا۔رواں ہفتے ایل پی جی گھریلو سلنڈر 16 روپے مہنگا ہوا جبکہ دودھ، گوشت، چاول، ٹماٹر، آلو اور دال مسور بھی مہنگی ہوئی، انڈے، پیاز، چائے اور مصالحہ جات کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوا۔
ایک ہفتے میں مرغی کے گوشت کی قیمت میں فی کلو8 روپے کمی ہوئی اور لہسن، دال چنا، دال مونگ، دال ماش اور چینی کی قیمتوں میں کمی واقع ہوئی۔