سندھ ہائی کورٹ 12

موٹروے پولیس کے انسپکٹرز کی ترقی پر عملدرآمد نہ ہونے پر آئی جی کو شوکاز

کراچی (رپورٹنگ آن لائن)سندھ ہائیکورٹ نے موٹروے پولیس کے انسپکٹرز کو ترقی نہ دینے کے خلاف درخواست کی سماعت کے دوران عدالتی حکم پر عملدرآمد نہ ہونے پر آئی جی موٹروے کو شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے 27 اکتوبر کو ذاتی حیثیت میں پیش ہوکر وضاحت کرنے کا حکم دے دیا۔سماعت کے دوران درخواست گزاروں کے وکیل علی اسد اللہ بلوچ ایڈووکیٹ نے مؤقف اختیار کیا کہ عدالت نے 2017 سے درخواست گزار انسپکٹرز کو ترقی دینے کی ہدایت کی تھی۔

آئی جی موٹروے نے مسرور میمن اور دیگر افسران کو مئی 2025 سے ترقی دی، جس کی رپورٹ جولائی میں عدالت میں پیش کی گئی تھی۔وکیل نے کہا کہ آئی جی موٹروے نے عدالتی حکم پر عملدرآمد کے بجائے ترقی کے فیصلے پر عمل روک دیا۔ ڈپٹی اٹارنی جنرل نے سماعت کے دوران دوبارہ پرانی رپورٹ پیش کردی۔جسٹس عدنان الکریم میمن نے ریمارکس دیے کہ جو حکم دیا گیا تھا اس پر عمل نہیں ہوا، آئی جی موٹروے خود آکر وضاحت کریں کہ عدالتی حکم پر عملدرآمد کیوں نہیں کیا گیا۔عدالت نے موٹروے پولیس کی رپورٹ دوسری بار مسترد کرتے ہوئے آئی جی موٹروے کو شوکاز نوٹس جاری کردیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں