سردار سلیم حیدر خان

ملک کی خاطر جانوں کا نذرانہ پیش کرنیوالے پاک فوج کے جوان ہمارا فخر ہیں’ سلیم حیدر خان

لاہور (رپورٹنگ آن لائن)گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا ہے کہ ملک کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے پاک فوج کے جوان ہمارا فخر ہیں،گورنر ہائوس کے دروازے شہدا کے اہل خانہ کے لئے ہمہ وقت کھلے ہیں ۔

یہ بات انہوں نے شمالی وزیرستان میں پاک فوج کے شہید ہونے والے لیفٹیننٹ حسان اشرف کی رہائش گاہ پران کے لواحقین سے اظہار تعزیت اور فاتحہ خوانی کرنے کے بعد کہی۔گورنر سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ دہشت گردوطن کے دشمن ہیں ان کی بزدلانہ کاروائیاں ہمارے حوصلے پست نہیں کرسکتیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے سکیورٹی فورسز کے جوان ان کے مذموم مقاصد کو کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ ہمیں اپنی سکیورٹی فورسز کے جوانوں پر فخر ہے جنہوں نے اپنا آج ہمارے کل کے لئے قربان کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی خاطر شہید ہونے والے جوانوں کی ماں کو بھی سلام پیش کرتا ہوں۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ گورنر ہائوس کے دروازے شہدا کے اہل خانہ کے لئے ہمیشہ کھلے ہیں اور میں ان کے لئے ہر وقت موجود ہوں۔ گورنرپنجاب نے مزید کہا کہ جب تک گورنر ہائوس میں ہوں شہدا کی فیملیز کے لئے حاضر ہوں۔انہوں نے کہا کہ روزانہ کی بنیاد پر ملک دشمن عناصر کے خلاف آپریشن بہادر سپوتوں کی بہادری اور شجاعت کی لازوال مثال ہے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ پوری قوم دہشت گردوں کے خلاف جنگ میں اپنی سکیورٹی فورسز کے ساتھ ہے۔