لاہور (رپورٹنگ آن لائن) امیر جماعت اسلامی پنجاب محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ پاکستان اس وقت سنگین معاشی، سماجی اور انتظامی مسائل کی زد میں ہے، جس کے باعث عام آدمی کی زندگی اجیرن ہو چکی ہے، مہنگائی، بے روزگاری، بڑھتے ہوئے ٹیکسز، بدامنی اور اسٹریٹ کرائمز نے شہریوں کو شدید مشکلات سے دوچار کر دیا ہے جبکہ حکمران طبقے کی شاہ خرچیاں اور عیاشیاں مسلسل جاری ہیں، جس سے عوام میں شدید بے چینی اور اضطراب پایا جاتا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مختلف پروگرامات سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں اسٹریٹ کرائمز کی بڑھتی ہوئی وارداتوں نے شہریوں کا جینا دوبھر کر دیا ہے۔ لوگ دن دیہاڑے لوٹے جا رہے ہیں، قیمتی جانوں سے محروم ہو رہے ہیں اور ان کے مال و اسباب غیر محفوظ ہو چکے ہیں۔ قانون نافذ کرنے والے ادارے جرائم کے سدباب میں خاطر خواہ کامیابی حاصل نہیں کر پا رہے، جس کی وجہ سے عوام کا اعتماد کمزور ہو رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بعض تحقیقاتی اور سیکیورٹی اداروں کے خلاف بھی عوامی شکایات کی ایک طویل فہرست موجود ہے، جنہیں فوری طور پر دور کرنے کی ضرورت ہے تاکہ عوام کو حقیقی معنوں میں انصاف اور تحفظ فراہم کیا جا سکے۔محمد جاوید قصوری نے کہا کہ افسوسناک امر یہ ہے کہ عوام کو سہولت اور تحفظ فراہم کرنے والے بعض ادارے بھی شہریوں کی مشکلات میں اضافے کا سبب بن رہے ہیں۔ بیوروکریسی کی سست روی، غیر ضروری پیچیدگیاں اور عوامی مسائل کے حل میں عدم دلچسپی نے حالات کو مزید خراب کر دیا ہے۔ حکومت کی اولین ذمہ داری ہے کہ وہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنائے اور ریاستی اداروں کی کارکردگی کو بہتر بنانے کے لیے مؤثر اقدامات کرے۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں کاروباری سرگرمیاں بری طرح متاثر ہو رہی ہیں، صنعت و تجارت کا پہیہ سست روی کا شکار ہے اور سرمایہ کار غیر یقینی صورتحال کے باعث سرمایہ کاری سے گریز کر رہے ہیں۔ بیرونی سرمایہ کار پاکستان آنے سے گھبرا رہے ہیں جبکہ مقامی سرمایہ کاروں پر مسلسل نئے ٹیکسز اور مالی بوجھ عائد کرکے انہیں اپنا سرمایہ بیرون ملک منتقل کرنے پر مجبور کیا جا رہا ہے۔ اگر یہی صورتحال برقرار رہی تو معیشت مزید مشکلات کا شکار ہو سکتی ہے۔
امیر جماعت اسلامی پنجاب نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ عوام کو فوری ریلیف فراہم کرنے، جرائم کی روک تھام، سرمایہ کاری کے فروغ، ٹیکسوں میں کمی اور اداروں کی اصلاح کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کیے جائیں تاکہ ملک کو بحرانوں سے نکالا جا سکے اور عوام کو ایک پرامن اور خوشحال مستقبل میسر آ سکے۔









