پی ٹی اے

ملک میں براڈ بینڈ کی سبسکرپشن 10 کروڑ تک پہنچ گئی’ پی ٹی اے

لاہور(رپورٹنگ آن لائن)پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی کے مطابق ملک میں براڈ بینڈ کی سبسکرپشن 10 کروڑ تک پہنچ گئی۔2012 میں 2 لاکھ سے بھی کم سبسکرپشن ہوئی تھی لیکن تھری جی سروس کے متعارف ہونے کے بعد 2014 میں یہ تعداد 16 لاکھ ہوگئی اور اب 10 کروڑ ہے۔

اتھارٹی نے دعوی کیا کہ اس وقت ملک کی 87 فیصد آبادی کو خطے میں سب سے کم قیمت میں انٹرنیٹ / براڈ بینڈ خدمات تک رسائی حاصل ہے۔مزید برآں براڈ بینڈ 3 جی / 4 جی نیٹ ورکس پر فراہم کیا جاتا ہے جس کی اوسطاًڈاؤن لوڈ اسپیڈ 17.7 ایم بی پی ایس ہے اور 11.3 ایم بی پی ایس (موبائل) کی اپ لوڈ کی رفتار ہے جو دوسرے علاقائی ممالک میں رفتار کی سطح سے بھی زیادہ ہے۔

موبائل ڈیٹا کی قیمتیں مجموعی قومی آمدنی صرف 0.70 فیصد تک گری ہے جو اقوام متحدہ کی براڈبینڈ کمیشن کی سفارشات کی 2 فیصد سے بھی کم ہے۔چاروں نیشنل سیلولر موبائل آپریٹرز (سی ایم اوز)، ایس سی او اور فکسڈ لائن براڈبینڈ آپریٹرز بشمول پی ٹی سی ایل کے اجتماعی طور پر اب 10 کروڑ سے زیادہ کے براڈ بینڈ کی رکنیت ہے۔

پی ٹی اے کے مطابق قومی معیشت کے ہر شعبہ میں ڈیٹا سروسز کے بڑھتے ہوئے استعمال، صارفین میں مقبولیت اور آپریٹرز کی نئی اور جدید سروس متعارف کرانے کی وجہ سے یہ مذکورہ ہدف حاصل ہوا۔