سعد رفیق

معاشی صورتحال گھمبیر ،جو پرزے ہماری ورکشاپوں میں بن سکتے ہیں ان کو درآمد نہ کیا جائے’ سعد رفیق

لاہور(گلف آن لائن)وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے ملک کی معاشی صورتحال بہت گھمبیر ہے لہٰذا جو پرزے ہماری ورکشاپوں میں بن سکتے ہیں ان کو درآمد نہ کیا جائے، عوام کی سہولت کے لیے عید کے دنوں میں سفری کرایوں میں کمی کی جائے، ترقی کا کام وہیں سے شروع ہو گا جہاں 2018 میں رکا تھا، نہ آپ کو کوئی سفارش کی جائے گی نہ ہی آپ پر کوئی سیاسی دبا ئوڈالا جائے گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزارت ریلوے کا قلمدان سنبھالنے کے بعد ریلوے ہیڈکوارٹرز لاہور کے دورہ کے موقع پر اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔چیف ایگزیکٹو آفیسر پاکستان ریلوے ظفر زمان رانجھا نے وزیر ریلوے کا استقبال کیا اور بعد ازاںریلوے کی موجودہ صورتحال پرتفصیلی بریفنگ دی۔خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ مسافروں کے لیے محفوظ سفر کو یقینی بنایا جائے، تمام منصوبے دیانتداری سے پایہ تکمیل تک پہنچائے جائیں، اب ہم نے ریلوے کو پٹڑی پر بھی چڑھانا ہے اور اس کی رفتار بھی بڑھانی ہے، ادارے کی بحالی کے لیے جنگی بنیادوں پر کام کرنا ہو گا۔

اس موقع پر وفاقی وزیرریلوے کو ہرنائی،سبی اسٹیشن کی بحالی پر بھی بریفنگ دی گئی۔وزیرریلوے نے ہدایت کی کہ عوام کی سہولت کے لیے عید کے دنوں میں سفری کرایوں میں کمی کی جائے۔ملک کی معاشی صورتحال بہت گھمبیر ہے لہٰذاجو پرزے ہماری ورکشاپوں میں بن سکتے ہیں ان کو درآمد نہ کیا جائے،وٹرینوں کی صفائی کے حوالے سے لوگوں کی بہت شکایات ہیں، اس ضمن میں کوئی کمپرومائز نہ کیا جائے اور سروس کا معیار ترجیحی بنیادوں پر بہتر کیا جائے۔