بیرسٹر گوہر

مظفر گڑھ سے رکن قومی اسمبلی معظم جتوئی کو اغوا کرلیا گیا ہے، بیرسٹر گوہر

اسلام آباد ،مظفر گڑھ (رپورٹنگ آن لائن ) چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے دعوی کیا ہے کہ مظفر گڑھ سے تعلق رکھنے والے رکن قومی اسمبلی معظم جتوئی کو اغوا کرلیا گیا ہے جبکہ پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی جمشید دستی نے بھی دعوی کیا ہے کہ گزشتہ رات انکے گھرپرچھاپہ مارا گیا اور ر ات تین بجے 25 افراد نے دیوار پھلانگ کر گھرداخل ہو کر فائرنگ کی ۔

سماجی رابطے کی سائٹ پر بیرسٹر گوہر نے مظفرگڑھ سے ایم این اے معظم جتوئی کے اغوا کا دعوی کیا اور لکھا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کے باوجود ناقابل تصور اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ معظم جتوئی پہلے ہی پی ٹی آئی میں شمولیت کا بیان حلفی جمع کرا چکے۔ بیرسٹر گوہر نے مطالبہ کیا کہ ہمارے رکن قومی اسمبلی کو فوری رہا کیا جائے۔ا دھر پاکستان تحریک انصاف کے رہنما مہر جاوید نے بھی دعوی کیا ہے کہ رکن قومی اسمبلی معظم جتوئی گزشتہ روز سے لاپتہ ہیں۔

مہر جاوید نے کہا کہ معظم خان جتوئی کو ملتان میں ان کی رہائش گاہ سے نامعلوم افراد لے گئے۔ دوسری جانب رکن قومی اسمبلی جمشید دستی نے اپنے گھر پر چھاپے کا دعوی کرتے ہوئے کہا ہے کہ رات کی تاریکی میں میرے گھر کے دروازے توڑے گئے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ پی ٹی آئی کے ساتھ ہوں، بیان حلفی جمع کرا دیا۔

جمشید دستی نے چیف جسٹس پاکستان واقعے کا نوٹس لینے کا مطالبہ بھی کیا ہے۔ جمشید دستی نے کہا ہے کہ گزشتہ رات تین بجے مظفر گڑھ میں 25 افراد دیوار پھلانگ کر ان کے گھرداخل ہوئے۔انہوں نے کہا کہ گھر کے باہر موجود افراد نے ان پر فائرنگ بھی کی مگر وہ محفوظ رہے۔ دریں اثناء مظفر گڑھ پولیس اور ضلعی انتظامیہ نے جمشید دستی کے گھر پر کارروائی سے اظہار لاتعلقی کیا۔