کراچی(رپورٹنگ آن لائن)وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے مدرز ڈے کے موقع پر تمام مائوں کو خراجِ عقیدت اور محبت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ماں دنیا کی سب سے عظیم ہستی، بے لوث محبت، ایثار اور قربانی کی روشن علامت ہے۔ ماں کی شفقت انسان کیلئے قدرت کا سب سے قیمتی تحفہ اور اس کی دعا کامیابی، سکون اور خوشحالی کی سب سے بڑی طاقت ہے۔وزیراعلی ہائوس سے جاری اپنے خصوصی پیغام میں وزیراعلی سندھ نے کہا کہ مدرز ڈے ہمیں ماں کی عظمت، احترام، خدمت اور ان کی بے مثال قربانیوں کو یاد رکھنے کا درس دیتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ماں بچوں کی پہلی درسگاہ اور کردار سازی کی سب سے بڑی معمار ہوتی ہے، جبکہ ایک مہذب، مضبوط اور خوشحال سماج کی بنیاد بھی ماں کی بہترین تربیت سے قائم ہوتی ہے۔سید مراد علی شاہ نے کہا کہ مائیں نہ صرف خاندان بلکہ پوری قوم کی تعمیر و ترقی میں بنیادی کردار ادا کرتی ہیں۔ ان کی محبت، تربیت، صبر اور قربانیاں نسلوں کی رہنمائی اور سماجی استحکام کا ذریعہ بنتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنی ماں کی عزت، محبت اور خدمت کو اپنی زندگی کا لازمی حصہ بنانا چاہیے کیونکہ ماں کی خدمت اور احترام ہماری مذہبی، اخلاقی اور سماجی ذمہ داری ہے۔وزیراعلی سندھ نے کہا کہ حکومت سندھ خواتین اور ماں کے تحفظ، صحت، تعلیم اور فلاح و بہبود کیلئے مختلف اقدامات کر رہی ہے اور خواتین کو بااختیار بنانے کیلئے عملی منصوبوں پر کام جاری ہے تاکہ وہ معاشرے میں باوقار اور محفوظ زندگی گزار سکیں۔
انہوں نے اس موقع پر ان مائوں کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا جو مشکلات، معاشی تنگی اور دیگر مسائل کے باوجود اپنے بچوں کی بہتر تربیت اور روشن مستقبل کیلئے مسلسل جدوجہد کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ماں کی دعاں سے خاندان مضبوط، معاشرہ خوشحال اور قومیں ترقی کرتی ہیں۔وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے مدرز ڈے کے موقع پر تمام مائوں کی صحت، خوشیوں، عزت اور کامیاب زندگی کیلئے نیک تمنائوں کا اظہار بھی کیا۔









