اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت طلبہ کی معیاری تعلیم اور انہیں جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ کرنے کے لیے تمام ضروری وسائل فراہم کرے گی، وزارت تعلیم اور گوتھ اے آئی کے درمیان تعاون سے ملک بھر کے طلبہ، اساتذہ اور نوجوان نسل کو ترقی کے نئے امکانات میسر آئیں گے، جدید تدریسی طریقوں کے ذریعے تعلیمی شعبے میں مزید بہتری کے مواقع تلاش کیے جائیں گے جبکہ دانش سکول تعلیمی انقلاب برپا کرنے اور معیاری تعلیم فراہم کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔
وہ وزارت تعلیم اور گوتھ اے آئی کے درمیان تعاون کی مفاہمتی یادداشت پر دستخط کی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔وزیراعظم شہباز شریف نے گوتھ اے آئی کی جانب سے پاکستان کو ابتدائی طور پر 4 ہزار تعلیمی سبسکرپشنز فراہم کرنے کے اعلان کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان میں سے ایک ہزار سبسکرپشنز دانش سکول کری، اسلام آباد کے اساتذہ کے لیے مختص کی جائیں گی۔ وزیراعظم نے گوتھ اے آئی کی ٹیم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ یہ تعاون ترقی، خوشحالی اور باہمی تعلقات کے فروغ کی جانب ایک مثبت پیش رفت ثابت ہوگا اور مستقبل میں جدید تکنیکوں اور ٹیکنالوجیز سے استفادے کے مزید مواقع پیدا ہوں گے۔
انہوں نے دانش سکول کری کے اساتذہ سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ سکول کے دورے کے دوران ان کی بعض اساتذہ سے ملاقات ہوئی تھی تاہم وہ تمام اساتذہ سے ملاقات کرنا چاہیں گے۔وزیراعظم نے سکول کے پرنسپل کی تعیناتی کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ انہیں پرنسپل اس لیے منتخب کیا گیاکہ وہ ایک قابل اور شاندار شخصیت ہیں اور دانش سکول کری میں تعلیمی انقلاب لانے کی مکمل صلاحیت رکھتے ہیں اور انہیں پورا یقین ہے کہ دانش سکول کے طلبہ اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔وزیراعظم نے کہا کہ دانش سکول کری میں طلبہ کو نہ صرف تمام ضروری سہولیات فراہم کی گئی ہیں بلکہ یہ سہولیات اس تعلیمی ڈھانچے سے بھی بہتر ہیں جو انہوں نے پنجاب میں قائم کیا تھا۔
طلبہ سے مخاطب ہوتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اللہ تعالی نے انہیں ایک شاندار تعلیمی ادارے میں تعلیم حاصل کرنے کا موقع فراہم کیا ہے اور اس میں ان کے والدین کی دعائوں کا بھی اہم کردار ہے، سکول میں خوراک، رہائش، بورڈنگ اور لاجنگ، مفت یونیفارم، ای لائبریریوں اور دیگر لیبارٹریوں سمیت تمام ضروری سہولیات موجود ہیں۔انہوں نے طلبہ کو یقین دلایا کہ ان کی تعلیم اور انہیں بااختیار بنانے کے لیے وسائل کی کوئی کمی نہیں ہونے دی جائیگی اور حکومت ان کے مستقبل کو بہتر بنانے کیلئے تمام ضروری وسائل فراہم کرے گی۔
تقریب میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ، وفاقی وزیر آئی ٹی شزا فاطمہ خواجہ، چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خاں، وزیرمملکت وجیہہ قمر، سی ای او گوتھ اے آئی اور پرنسپل دانش سکول کری اسلام آباد سمیت طلبہ اور اساتذہ نے شرکت کی۔
٭٭٭٭٭









