سندھ ہائیکورٹ

محکمہ اوقاف سندھ کے ٹھیکوں میں بے ضابطگیوں کیخلاف درخواست مسترد، جرمانہ عائد

کراچی (رپورٹنگ آن لائن)سندھ ہائی کورٹ نے محکمہ اوقاف کے ٹھیکوں میں مبینہ بے ضابطگیوں کے خلاف درخواست جرمانے کے ساتھ مسترد کر دی۔

عدالت میں محکمہ اوقاف کے ٹھیکوں میں مبینہ بے ضابطگیوں کے خلاف درخواست پر سماعت ہوئی۔سندھ ہائی کورٹ نے درخواست گزار پر 25 ہزار روپے جرمانہ عائد کر دیا۔عدالتِ عالیہ نے کہا کہ درخواست گزار 1 ماہ میں 25 ہزار روپے ہائی کورٹ کلینک اکاؤنٹ میں جمع کروائیں۔سندھ ہائی کورٹ نے جرمانہ ادا نہ کرنے کی صورت میں درخواست گزار کا شناختی کارڈ بلاک کرنے کا حکم دے دیا۔

جج نے ریمارکس میں کہا کہ درخواست گزار ٹھیکوں میں کسی بے ضابطگی کی نشاندہی میں ناکام رہے ہیں، درخواست گزار دیگر کمپنیوں کو ناک آؤٹ کر کے 100 فیصد ٹھیکے حاصل کرنا چاہتا ہے۔عدالت نے کہا کہ درخواست گزار نے نظرِ ثانی اپیل پر فیصلے کا انتظار کیے بغیر رجوع کیا، عدالت ایسی کسی کارروائی کی پزیرائی نہیں کر سکتی، غیر ضروری مقدمہ سازی سے عدالتوں کا وقت اور ٹیکس دہندگان کے پیسے کا نقصان ہوتا ہے۔