لندن،واشنگٹن (رپورٹنگ آن لائن)وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے برطانیہ کی وزیر مملکت برائے بین الاقوامی ترقی بیرونیس چیپ مین سے ملاقات کی۔
وزیرِ خزانہ نے ٹیکنالوجی کے استعمال کے ذریعے ٹیکس دہندگان اور ٹیکس وصول کنندگان کے درمیان انسانی رابطے کو کم کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔انہوں نے گزشتہ دو سالوں کی ترقیاتی امداد کے مکمل جائزے اور مؤثر ابلاغی حکمت عملی کی تشکیل میں REMIT کے کردار کو بھی سراہا۔
ادھروزیرِ خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ کے مباحثے سے خطاب میں کہا کہ عالمی غیر یقینی صورتحال اور مختلف ممالک پر اس کے مختلف اثرات کے تناظر میں علاقائی تجارت کو فروغ دیا جانا چاہیے۔
انہوں نے شعبوں اور منڈیوں میں تنوع کی ضرورت اجاگر کی اور معیشت کے ڈھانچے کو درآمدی متبادل سے برآمدی ترقی کی طرف منتقل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ان کا کہنا تھا کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کا شعبہ حقیقی گیم چینجر ہے۔