لاہور (رپورٹنگ آن لائن)وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے سینئر وزیر سندھ شرجیل انعام میمن کو لاہور آنے کی دعوت دیتے ہوئے کہا ہے کہ آئیں ہم آپ کو دکھاتے ہیں۔
کہ پنجاب میں کیا ہو رہا ہے تاکہ آپ بھی سیکھ سکیں۔مریم نواز پنجاب میں سیلاب متاثرین کو ریلیف دے رہی ہیں، اس کی تکلیف سندھ حکومت کوکیوں ہورہی؟۔جن کی کارکردگی بتانے لائق نہیں، وہ سیاسی دکان بند کریں، شرجیل میمن کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمیں آپ کی اپیلوں سے اعتراض نہیں،آپ دن رات وفاق کو مشورے دیں لیکن اس میں کوئی حکمت تو ہو۔ پنجاب میں گندم کی کھپت سندھ سے ڈھائی گنا زیادہ ہے ۔ سندھ اپنی آبادی کی ضرورت کے مطابق گندم پیدا نہیں کرپاتا،اسی لیے دوسری جگہوں سے سپلائی درکار ہوتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ کل تک آپ سمیت آپ کی پوری جماعت سیلاب پر سیاست کررہے تھے ۔
اچھی بات ہے اگر آج آپ نے سیلاب پر سیاست کرنے سے ہاتھ کھینچ لیا،قبل ازیں اپنے بیان میں صوبائی وزیر اطلاعات عظمٰی بخاری نے کہا کہ مریم نواز نے کل پوری قوم کے سامنے پنجاب کا مقدمہ پوری طاقت سے لڑا ہے ۔ پنجاب اور سیلاب متاثرین پر کسی کو سیاست کرنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔ جو سیلاب متاثرین کے لیے عملی طور پر کچھ کر نہیں سکتے وہ غیر ضروری زبان درازی بھی مت کریں۔ جن کی اپنی کارکردگی بتانے لائق نہ ہو وہ دوسروں کے اچھے کاموں میں کیڑے تلاش کرتے ہیں۔ مریم نواز نے پنجاب میں میرٹ،گڈگورننس اور شفافیت کی مثال قائم کی ہے ۔









