لاہور(رپورٹنگ آن لائن) لاہور کی اینٹی کرپشن عدالت میں پاکستان تحریک انصاف کے صدر اور سابق وزیراعلی پرویز الہی سمیت دیگر ملزمان پر پنجاب اسمبلی میں مبینہ غیر قانونی بھرتیوں کے مقدمے میں فرد جرم عائد نا ہو سکی۔ اینٹی کرپشن عدالت کے جج صفدر حسین بھٹی نے کیس کی سماعت کی ۔عدالت نے چوہدری پرویز الہی کی ایک روزہ حاضری معافی کی درخواست منظور کرلی۔
جج اینٹی کرپشن عدالت نے ریمارکس دیے کہ یہ آخری موقع ہے آئندہ سماعت پر پرویز الہی عدالت میں پیش ہوں، مزید کہنا تھا کہ آئندہ سماعت پر پرویز الہی اور محمد خان بھٹی سمیت دیگر پر فرد جرم عائد ہو گی۔ قبل ازیں، عدالت میں دائر درخواست میں کہا گیا تھا کہ پرویز الہی کی پسلیاں فریکچر ہیں، حاضری معافی کی درخواست منظور کی جائے۔ عدالت نے مزید سماعت 29 جولائی تک ملتوی کر دی۔