لاہور ہائیکورٹ

لاہور ہائی کورٹ کا بلاول کی نااہلی کے لئے دائر درخواست پر الیکشن کمیشن کو 30روز میں فیصلے کا حکم

لاہور (رپورٹنگ آن لائن ) لاہور ہائی کورٹ نے بلاول بھٹو زرداری کی نااہلی کے لئے دائر متفرق درخواست الیکشن کمیشن کو بھجواتے ہوئے 30روز میں فیصلہ کرنے کا حکم دیا۔ ہائی کورٹ میں پاکستان پیپلز پا رٹی کے سربراہ بلاول بھٹو زرداری کی نااہلی کے لئے متفرق درخواست پر سماعت ہوئی۔

عدالت نے درخواست نمٹاتے ہوئے الیکشن کمیشن آف پاکستان کو بھجوا دی اور الیکشن کمیشن کو درخواست پر 30روز میں فیصلہ کرنے کا حکم دیا۔ جسٹس شمس محمود مرزا نے پاکستان نژاد امریکی شہری سید اقتدار حیدر کی درخواست پر فیصلہ جاری کرتے ہوئے الیکشن کمیشن کو ہدایت کی کہ درخواست پر ایک ماہ میں فیصلہ کرے۔درخواست میں الیکشن کمیشن آف پاکستان اور بلاول بھٹو زرداری کو فریق بناتے ہوئے کہا گیا کہ اس وقت دو پیپلز پارٹی الیکشن کمیشن میں رجسٹرڈ ہیں، ایک کے سربراہ بلاول بھٹو زرداری ہیں، دوسری پیپلز پا رٹی پارلیمنٹرین کے نام سے رجسٹرڈ ہے، جس کے سربراہ آصف علی زر داری ہیں۔

بلاول بھٹو زرداری نے این اے 200 لاڑکانہ سے الیکشن پیپلز پارٹی پارلیمنٹرین کے ٹکٹ پر لڑا، بلاول کا اپنی پارٹی چھوڑ کر دوسری پارٹی کے پلیٹ فارم سے الیکشن لڑنا الیکشن ایکٹ 2017کی خلاف ورزی ہے، اس غیر آئینی اقدام کے خلاف الیکشن کمیشن کو درخواستیں دیں جن پر کمیشن فیصلہ نہیں کر رہا، عدالت الیکشن کمیشن کو درخواستوں پر فیصلہ کرنے کا حکم دے۔