لاہور ہائی کورٹ

لاہورہائیکورٹ کا دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کیخلاف فوری گرینڈ آپریشن کا حکم

لاہور (رپورٹنگ آن لائن) لاہور ہائیکورٹ نے دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے خلاف فوری گرینڈ آپریشن کرنے کا حکم دے دیا ، عدالت نے ٹول پلازہ پر گاڑیوں کی چیکنگ کے لئے مانیٹرنگ سسٹم نافذ کرنے اور محکمہ ماحولیات کے نئے سکواڈ زتعینات کرنے کا بھی حکم دیا،جسٹس شاہد کریم نے حکم دیا کہ موٹر وے پر ڈرون ٹیکنالوجی کے ذریعے دھواں دینے والی گاڑیوں کی نشاہدہی کرکے کارروائی کی جائے۔

ہائیکورٹ کے جسٹس شاہدکریم نے سموگ تدارک کے متعلق سماعت کے دوران حکم دیا کہ لاہور میں دھواں دینے والی کوئی گاڑی داخل نہ ہو، ٹول پلازہ پر ہی کارروائی کی جائے،موٹروے وے اورملتان روڈ پردھواں دینے والی گاڑیوں کا فوری طور داخلہ بند کروائیں۔

جسٹس شاہدکریم نے ریمارکس دیئے کہ محکمہ ماحولیات سموگ چیک کرنے والے آلات اورگاڑیوں کوفوری فعال کرے، ممبر ماحولیاتی کمیشن سید کمال حیدر نے کہا کہ ماحولیاتی قوانین کے مطابق تعمیر ہونے والی بلڈنگز کو ریلیف دینے کے متعلق ایل ڈی اے نے سمری بنائی ہے،ان کوکہا ہے کہ وہ رولز بنائیں۔

ایم اے اوکالج کی خاتون پرنسپل نے بتایا کہ کالج کی بیرونی دیواریں چھوٹی ہیں، لوگ کوڑا کرکٹ یہاں پھینکتے ہیں، نشئی داخل ہوجاتے ہیں، روکنے والا سٹاف نہیں ہے، تعینات سٹاف تنخواہ کالج سے لیتا ہے، ڈیوٹی ہائیرایجوکیشن میں کرتا ہے، کالج گروانڈ میں غیرمتعلقہ افراد کو کرکٹ کھیلنے سے روکیں توبڑی بڑی سفارشیں آجاتی ہیں۔

جسٹس شاہدکریم نے آپ اپنی شکایات لکھ کردیں،عدالت اس پرحکم جاری کرے گی ۔ڈپٹی اٹارنی جنرل اسدعلی باجوہ،ممبرماحولیاتی کمیشن سید کمال حیدر، سیکرٹری کمیشن، فرحان سعید، ایل ڈی اے، پی ایچ اے، ٹریفک کے نمائندے پیش ہوئے،مزید سماعت16 مئی تک ملتوی کردی گئی۔