سید یوسف رضا گیلانی 17

قومی یکجہتی، سیاسی استحکام اور معاشی اصلاحات پاکستان کی پائیدار ترقی کے لیے ناگزیر ہیں، چیئرمین سینیٹ

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے موثر قانون سازی، جمہوری اداروں کے استحکام اور عوامی مسائل کے حل میں پارلیمنٹ کے کردار کو اجاگر کرتے ہوئے کہا ہے کہ قومی یکجہتی، سیاسی استحکام اور معاشی اصلاحات پاکستان کی پائیدار ترقی کے لیے ناگزیر ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایک عشائیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

سینیٹ سیکرٹریٹ کے مطابق جاز ورلڈ کے سربراہ ظہیر مہدی کی جانب سے چیئرمین سینیٹ اور وفاقی وزیر خزانہ کے اعزاز میں عشائیہ دیا گیا جس میں کاروباری، مالیاتی اور سماجی شعبوں کی ممتاز شخصیات نے شرکت کی۔عشائیہ کے دوران ملک کی سیاسی و معاشی صورتحال، سرمایہ کاری کے فروغ، ڈیجیٹل معیشت، زرعی ترقی، نوجوانوں کے روزگار اور قومی ترقی سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر چیئرمین سینیٹ نے ڈیجیٹل ٹیکنالوجی اور جدت پر مبنی معیشت کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ زرعی شعبے کی ترقی کے لیے جدید ٹیکنالوجی، آسان مالی سہولیات اور کسان دوست پالیسیوں کو فروغ دینا ضروری ہے جس سے زرعی پیداوار اور قومی معیشت دونوں مضبوط ہوں گی۔

شرکا نے چیئرمین سینیٹ کی قیادت اور جمہوری خدمات کو سراہتے ہوئے پاکستان کی ترقی، استحکام اور خوشحالی کے لیے نیک تمناﺅں کا اظہار کیا۔عشائیہ میں رکن قومی اسمبلی اسد عالم نیازی، حبیب گروپ کے سربراہ محمد علی حبیب، حبیب بینک اے جی زیورخ کے کلسٹر سی ای او محسن نتھانی اور دیگر ممتاز کاروباری شخصیات و سرمایہ کاروں نے شرکت کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں