تہران(رپورٹنگ آن لائن) ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ ان کی حکومت کی اولین ترجیح قومی سلامتی اور عوام کے امن و استحکام کا تحفظ ہے۔
سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں صدر پزشکیان نے کہا کہ ایران اپنی قوم کے حقوق کا بھرپور دفاع کرے گا اور کسی قسم کی دھمکی یا دباؤ کے سامنے نہیں جھکے گا۔
انہوں نے کہا کہ سفارت کاری اور دفاع، قومی طاقت کے دو اہم بازو ہیں، جن کے ذریعے ملک کے مفادات اور سلامتی کا تحفظ یقینی بنایا جاتا ہے۔
ایرانی صدر کا کہنا تھا کہ ایران نے نہ میدان چھوڑا ہے اور نہ ہی مذاکرات کی میز کو ترک کیا ہے، بلکہ دونوں محاذوں پر قومی مفادات کے تحفظ کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔
مسعود پزشکیان نے اپنے بیان کے اختتام پر اظہارِ امید کرتے ہوئے کہا کہ اتحاد، دانشمندی اور قومی یکجہتی کے ذریعے ایران اس آزمائش سے بھی سرخرو ہو کر نکلے گا۔









