احسن اقبال 24

قومی استحکام اور ملکی مفاد کو سیاسی اختلافات پر ترجیح دینا وقت کی ضرورت ہے، احسن اقبال

اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن)وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان کی پائیدار معاشی ترقی، سرمایہ کاری کے فروغ اور عالمی معیشت میں مثر مقام حاصل کرنے کے لیے سیاسی استحکام اور پالیسیوں کا تسلسل بنیادی اہمیت رکھتے ہیں، موجودہ علاقائی اور عالمی حالات میں پاکستان کسی قسم کے عدم استحکام کا متحمل نہیں ہو سکتا۔ ٹی وی چینل کو انٹرویو میں وفاقی وزیر نے کہا کہ سیاسی اختلافات جمہوری نظام کا حصہ ہیں تاہم ان کا اظہار آئینی اور جمہوری دائرے میں رہتے ہوئے کیا جانا چاہیے۔

قومی استحکام اور ملکی مفاد کو سیاسی اختلافات پر ترجیح دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔انہوں نے ملک میں سیاسی استحکام کے لیے آئندہ دس برس کے لیے سیاسی میثاق کی تجویز پیش کرتے ہوئے کہا کہ تمام سیاسی قوتیں اس بات پر اتفاق کریں کہ وہ دھرنوں اور لانگ مارچ سے گریز کریں گی اور ملک میں ترقی و معاشی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے سازگار ماحول برقرار رکھیں گی۔پروفیسر احسن اقبال نے کہا کہ سرمایہ کار ان ممالک کا رخ کرتے ہیں جہاں امن و امان کی صورتحال بہتر، سیاسی استحکام برقرار اور مستقبل کی معاشی پالیسیوں میں تسلسل موجود ہو۔

سرمایہ کاری کے فیصلوں میں پالیسیوں کا تسلسل اور کاروباری ماحول پر اعتماد کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کو سرمایہ کاری کے لیے پرکشش منزل بنانے اور معاشی ترقی کی رفتار برقرار رکھنے کے لیے ایسا ماحول پیدا کرنا ہوگا جس سے مقامی اور عالمی سرمایہ کاروں کا اعتماد مضبوط ہو اور ملک ترقی کے طویل المدتی اہداف حاصل کر سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں