کراچی (رپورٹنگ آن لائن) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور شعبہ خواتین کی مرکزی صدر فریال تالپور نے بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح کے 78ویں یوم وفات پر انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ قائداعظم نے محض ایک ملک قائم نہیں کیا بلکہ آنے والی نسلوں کو ایک وژن اور عظیم ذمہ داری بھی سونپی، ان کی زندگی عزم، دیانت اور آئینی جدوجہد کا لازوال درس ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ جمہوریت، آئین پسندی اور عوام کی بالادستی پر قائداعظم کا غیر متزلزل یقین پوری قوم کے لیے مشعل راہ ہے۔ قائداعظم نے ایسا پاکستان کا تصور پیش کیا تھا جہاں مساوی حقوق، قانون کی حکمرانی، ضمیر و اعتقاد کی آزادی اور تمام شہریوں کو مساوی مواقع حاصل ہوں۔انہوں نے کہا کہ قائداعظم کو حقیقی خراج عقیدت یہی ہے کہ ان اصولوں پر ثابت قدمی اختیار کی جائے جن کے لیے انہوں نے جدوجہد کی۔ پاکستان کی ترقی، استحکام اور خوشحالی اسی صورت ممکن ہے جب ریاست اور معاشرہ قائداعظم کے جمہوری، آئینی اور مساوات پر مبنی اصولوں پر کاربند رہیں۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے قائداعظم کے جمہوری وڑن کو آگے بڑھایا اور ایسے پاکستان کے لیے اپنی جانوں کی قربانی دی جہاں آئین کی بالادستی اور عوام کی مرضی کو بنیادی حیثیت حاصل ہو۔بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ قائداعظم کا خواب ایسا پاکستان تھا جہاں تمام شہریوں کو مساوی حقوق حاصل ہوں، قانون کی حکمرانی ہو اور جمہوری اصولوں کا احترام کیا جائے۔ ہمیں قائداعظم کے یوم وفات پر ان کے خواب کو شرمندہ تعبیر کرنے کے عزم کی تجدید کرنا ہوگی۔








