میگھا 15

فلموں کی عالمی نمائش ،میوزیکل شوز کیلئے ٹڈیپ طرز کا ادارہ قائم کیا جائے، میگھا

لاہور( رپورٹنگ آن لائن)نامور گلوکارہ میگھا نے کہا ہے کہ پاکستان میں فلم انڈسٹری کی ترقی سے نہ صرف فنونِ لطیفہ بلکہ موسیقی سمیت کئی دیگر شعبوں کو بھی تقویت ملے گی، پاکستان ایک منفرد ثقافتی شناخت رکھنے والا ملک ہے جسے عالمی سطح پر متعارف کرانے کی ضرورت ہے۔ ایک انٹر ویو میں انہوں نے کہا کہ ترکیہ، ایران، چین اور بنگلہ دیش کے ساتھ فلمی شعبے میں مشترکہ منصوبے شروع کئے جائیں اور پاکستانی فلموں کی نمائش ان ممالک میں بھی یقینی بنائی جائے۔

انہوں نے تجویز دی کہ حکومت ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان کی طرز پر ایک خصوصی ادارہ قائم کرے جو بیرون ملک پاکستانی فلموں کی نمائش، فلمی میلوں اور پاکستانی گلوکاروں کے میوزیکل شوز کا اہتمام کرے۔ اس اقدام سے پاکستانی فنکاروں کو بین الاقوامی سطح پر اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے مواقع ملیں گے جبکہ فلم اور موسیقی کی صنعت کو نئی منڈیاں بھی میسر آئیں گی۔

میگھا نے کہا کہ ثقافتی سرگرمیوں کے ذریعے پاکستان کی تہذیب، روایات اور فنون کو دنیا کے سامنے پیش کیا جا سکتا ہے۔ اس سے نہ صرف پاکستان کا مثبت تشخص اجاگر ہوگا بلکہ ملک کے اس حقیقی اور روشن چہرے کو بھی دنیا کے سامنے لانے میں مدد ملے گی جو منفی تاثر کی وجہ سے دھندلا دیا گیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں