خالد مقبول صدیقی 21

عیدالاضحی حضرت ابراہیم اور حضرت اسماعیل کی عظیم قربانی کی یاد تازہ کرتی ہے،ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی

کراچی (رپورٹنگ آن لائن)متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے چیئرمین و وفاقی وزیر تعلیم ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے عیدالاضحی کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں پوری قوم اور عالمِ اسلام کو عید کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ عیدالاضحی حضرت ابراہیم اور حضرت اسماعیل کی عظیم قربانی کی یاد تازہ کرتی ہے اور ہمیں اللہ تعالی کی رضا کے لیے ہر قسم کی قربانی دینے کا درس دیتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اس وقت مختلف قومی، معاشی اور سماجی چیلنجز سے گزر رہا ہے، ایسے میں قربانی، ایثار، اتحاد اور بھائی چارے کے جذبے کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے، قوم کو ذاتی مفادات سے بالاتر ہوکر ملک کی ترقی، استحکام اور خوشحالی کے لیے مشترکہ جدوجہد کرنا ہوگی۔ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ عید کی خوشیوں میں معاشرے کے محروم، مستحق اور نادار طبقات کو شریک کرنا ہماری مذہبی اور سماجی ذمہ داری ہے، قربانی کا اصل فلسفہ صرف جانور ذبح کرنا نہیں بلکہ اپنے اندر موجود خود غرضی، نفرت اور تعصبات کو بھی قربان کرنا ہے۔

چیئرمین ایم کیو ایم پاکستان نے دعا کی کہ اللہ تعالی پاکستان کو امن، استحکام اور ترقی عطا فرمائے، عوام کی مشکلات آسان کرے اور پوری امتِ مسلمہ کو اتحاد و یکجہتی کی نعمت سے سرفراز فرمائے۔ انہوں نے کہا کہ عیدالاضحی کا پیغام ہمیں ایک مضبوط، خوشحال اور باوقار پاکستان کی تعمیر کے لیے مل کر کام کرنے کی ترغیب دیتا ہے۔انہوں نے قوم سے اپیل کی کہ عید کے موقع پر صفائی، نظم و ضبط اور شہری ذمہ داریوں کا خیال رکھتے ہوئے ایک مثالی معاشرے کے قیام میں اپنا کردار ادا کریں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں