محمد نواز شریف 42

عوام کو ریلیف فراہم کیاجائے، ایسی پالیسیاں بنائی جائیں جس سے عوام پر بوجھ کم سے کم پڑے’ نواز شریف

لاہور (رپورٹنگ آن لائن) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر و سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف نے ہدایت کی ہے کہ عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جائے اور مہنگائی کو کنٹرول کرنے کی زیادہ سے زیادہ کوشش کی جائے، مہنگائی کنٹرول ہوگی تو عوام کو سکون ملے گا۔ذرائع کے مطابق سربراہ مسلم لیگ (ن) نوازشریف سے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور وفاقی وزیر منصوبہ بندی ، ترقی و خصوصی اقدامات احسن اقبال نے ملاقات کی ۔

اس موقع پر امریکہ اور ایران کے درمیان کشیدگی، امن کے قیام کے لیے پاکستان کے سفارتی کردار اور ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال اور ملکی معیشت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات میں اسحاق ڈار نے نواز شریف کو آئندہ بجٹ کی تفصیلات سے تفصیلا آگاہ کیا۔ملاقات کے دوران نواز شریف نے ہدایت کی کہ عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جائے اور مہنگائی کو کنٹرول کرنے کی زیادہ سے زیادہ کوشش کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی کنٹرول ہوگی تو عوام کو سکون ملے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ ایسی پالیسیاں بنائی جائیں کہ عوام پر بوجھ کم سے کم پڑے۔

ذرائع کے مطابق اسحاق ڈار نے کہا کہ خطے میں امن کے قیام اور امریکہ ایران تنازع کے خاتمے کے لیے پاکستان کا کردار تاریخی اہمیت رکھتا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ تنازعات کے حل کے لیے مذاکرات اور مثر سفارت کاری ناگزیر ہیں، جبکہ پائیدار امن اور استحکام کے لیے بات چیت ہی واحد قابلِ عمل راستہ ہے۔دوسری جانب احسن اقبال نے ملکی معیشت سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف معاشی استحکام کے لیے بھرپور اقدامات کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو ایک ٹریلین ڈالر کی معیشت بنانے کے لیے منصوبہ بندی مکمل کر لی گئی ہے جبکہ برآمدات میں اضافے کی صورت میں 2035ء تک پاکستان دنیا کی نمایاں معیشتوں میں شامل ہو سکتا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں