شیخ رشید

عمر عطا بندیال کے شارٹ سویٹ اور سمارٹ فیصلے سے پاکستان کی سیاست میں زلزلہ آگیا ، شیخ رشید

لاہور(رپورٹنگ آن لائن) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ و سابق وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ جناب عمر عطا بندیال نے جاتے جاتے ”ٹرپل ایس ”فیصلہ سنایا ہے ،اس شارٹ سویٹ اور سمارٹ فیصلے سے پاکستان کی سیاست میں زلزلہ آگیا ہے جس کے اثرات 30 دسمبر تک اپنا اثر دکھائیں گے ،کل ساری دنیا میں بریکنگ نیوز تھی کہ پاکستان میں 2027 افراد کرپشن کے شکنجے میں دوبارہ آگئے ہیں ۔ اپنے بیان میں انہوںنے کہا کہ 16 ماہ کی پی ڈی ایم کی حکومت نے جو اپنے کیسز ختم کرانے کے لیے شب وروز محنت کی وہ خاک میں مل گئی ،

عوام کو بھی اندھے کنوئیں میں دھکا دیا اور خود بھی عوام کی بددعائوں کی زد میں آ گئے ۔ا نہوںنے کہا کہ جس لیول پلیئنگ فلیڈ کا مطالبہ کر رہے تھے وہ کیسوں کی بحالی کی صورت میں انہیں مل گیا ،سپریم کورٹ نے سارا ریکارڈ اپنی تحویل میں محفوظ کر لیا ہے ،یہ ریکارڈ نہ اب ضائع کیا جا سکتا ہے نہ اس کو آگ لگ سکتی ہے ۔

انہوںنے کہا کہ جس اسمبلی میں ترامیم پاس کی گئیں اس کے ممبروں کی تعداد بعض اوقات 9 اراکین سے زیادہ نہیں تھی ،25 کروڑ لوگوں کے مال پر لوٹ مار کرنے والے عوام کے سامنے دوبارہ بے نقاب ہو گئے ، یہ نہ سیاست بچا سکے نہ کیسوں سے نکل سکے ،عوام کا نام ہی ریاست ہے یہ ریاست بچانے نہیں عوام کو تباہ و برباد کرنے آئے تھے اور آج پھر غریب عوام پر پیٹرول بم گرا دیا گیا ہے ،بجلی پیٹرول چینی اور آٹا غریب کا مسئلہ ہے لندن کے بھگوڑوں کا نہیں۔