ایازصادق

علامہ محمد اقبال نے اپنی شاعری، تصانیف سے مسلم امہ میں اتحاد کا جذبہ بیدار کیا،سپیکر ایاز صادق

اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن )سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے مفکر پاکستان ڈاکٹر علامہ محمد اقبال کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ علامہ محمد اقبال نے بر صغیر کے مسلمانوں کے لیے ایک علیحدہ وطن کا تصور پیش کیا اور اپنی شاعری کے ذریعے ان کو جدوجہد کی راہ دکھائی۔

سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے ڈاکٹر علامہ محمد اقبال کے 147 ویں یوم پیدائش پر اپنے پیغام میں کہا کہ علامہ محمد اقبال کی فکری رہنمائی نے آزادی کی تحریک کو نئی جلا بخشی اور بر صغیر کے مسلمانوں میں خودی، عزت، اتحاد اور عظمت کا شعور بیدار کیا، سپیکر نے کہا کہ علامہ محمد اقبال کا پیغام ہمیں اتحاد، نظم اور ایمان کا درس دیتا ہے۔

سردار ایاز صادق کا مزید کہنا تھاکہ ڈاکٹر علامہ محمداقبال کی تعلیمات کو اپنا کر ملک کو درپیش مسائل کو حل کیا جا سکتا ہے، انہوں نے نوجوان نسل کو علامہ محمد اقبال کے افکار سے رہنمائی حاصل کرنے اور اپنے وطن کی تعمیر و ترقی میں بھرپور کردار ادا کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

انہوں نے کہا کہ علامہ محمد اقبال کو خراج تحسین پیش کرنے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ ہم ان کی تعلیمات پر عمل کرتے ہوئے معاشرے میں عدل و انصاف، رواداری، بھائی چارے اور نظم و ضبط کو فروغ دیں، سپیکر نے آئندہ نسلوں کو علامہ محمد اقبال کے افکار سے روشناس کرانے کے لیے، ان کے افکار و تعلیمات کو تعلیمی نصاب میں شامل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔