عظمیٰ بخاری 18

عدالت کے تحریری فیصلے کے بعد یو ٹیومرز ،پراپیگنڈا سیل کیلئے ڈوب مرنے کا مقام ہے’ عظمی بخاری

لاہور(رپورٹنگ آن لائن ) وزیر اطلاعات پنجاب عظمی بخاری نے کہا ہے کہ عدالت کے تحریری فیصلے کے بعد یو ٹیومرز اور پراپیگنڈا سیل کے لئے ڈوب مرنے کا مقام ہے،عدالتی حکم کے مطابق میں نے خود عدالت سے استدعا کی کہ ملزمہ فلک جاوید کو جیل سے لا کر عدالت میں پیش کیا جائے تاکہ میں ان کی موجودگی میں اپنا بیان ریکارڈ کرا سکوں۔

اپنے بیان میں انہوںنے کہا کہ میں جرح کے لیے بھی مکمل طور پر تیار تھی اور خاصا وقت انتظار کرتی رہی تاکہ ملزمہ کو عدالت میں پیش کیا جا سکے مگر ملزمہ کے وکلا نے آج پھر سماعت ملتوی کرنے کی درخواست دے دی،اب عدالت نے واضح کر دیا ہے کہ 12 ستمبر 2026 صبح 10 بجے جرح کے لیے آخری موقع ہوگا اورمزید کوئی التوا ء نہیں دیا جائے گا۔ انہوںنے کہا کہ ملزمہ کے وکلا ء کو مکمل تیاری کے ساتھ پیش ہونا ہوگا،بصورت دیگر میرا بیان ویڈیو لنک کے ذریعے ریکارڈ کیا جائے گا،ایک خاتون کی عزت، کردار اور وقار کو جھوٹی اور فحش ویڈیوز کے ذریعے نشانہ بنانا محض سیاسی اختلاف نہیں ،بلکہ خواتین کی عزت اور وقار پر براہِ راست حملہ ہے۔

انہوںنے کہا کہ فیک نیوز، جھوٹ اور کردار کشی کو سیاست کا ہتھیار بنانے والوں کو اب عدالت میں جواب دینا ہوگا،غلط رپورٹنگ اور عدالتی کارروائی میں خلل ڈالنے کا معاملہ بھی عدالت کے سامنے آیا،عدالت نے واضح کیا کہ ایسی بدنظمی آئندہ ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی،ذمہ دار افراد کے خلاف دفعہ 352(1) ضابط فوجداری کے تحت کارروائی کی جائے گی،اب مزید تاخیر نہیں،ِجرح ہوگی اورحقائق سامنے آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جھوٹ و کردار کشی کے ذمہ داروں کو قانون کے سامنے جواب دینا ہوگا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں