عدالت 16

عدالتی احکامات پر عملدرآمد نہ کرنے ڈی پی او بھکر کے قابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری

لاہور (رپورٹنگ آن لائن)لاہور ہائیکورٹ نے عدالتی احکامات پر عمل درآمد نہ کرنے اور ہدایت کے باوجود پیش نہ ہونے پر ڈی پی او بھکر شہزاد رفیق کے 50ہزار روپے کے قابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے ، عدالت نے ڈی پی او بھکر کو 26اکتوبر کو جواب سمیت طلب کر لیا۔لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس سردار اکبر علی ڈوگر نے ایڈیشنل ڈائریکٹر انٹیلی جنس اینڈ انویسٹی گیشن، کسٹمز کی درخواست پر تحریری حکم جاری کیا۔ عدالت نے ڈی پی او بھکر کی عدم پیشی پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے عدالتی احکامات کو نظر انداز کرنے پر سنگین تشویش کا اظہار کیا۔

عدالت نے ڈی پی او، ایس پی اور متعلقہ ایس ایچ او کی جانب سے پیش کی گئی رپورٹس کو غیر تسلی بخش قرار دیتے ہوئے تینوں افسران کو توہینِ عدالت کے شوکاز نوٹس جاری کرنے کا حکم دیا۔ افسران کے خلاف توہینِ عدالت کی کارروائی کے لیے علیحدہ فائل تیار کرنے کی ہدایت بھی کی گئی۔تحریری حکم میں لا آفیسر کو ہدایت کی گئی کہ عدالت کی ناراضگی متعلقہ حکام تک پہنچائی جائے۔ درخواست گزار کی جانب سے درخواست واپس لینے کی استدعا کے باوجود عدالت نے شوکاز نوٹس برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا۔کیس گاڑی سے متعلق معاملے پر جاری شوکاز نوٹس سے متعلق ہے، جس میں ڈی پی او بھکر عدالتی طلبی کے باوجود پیش ہونے میں ناکام رہے تھے۔ سماعت کے دوران پنجاب حکومت کی جانب سے اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل شاہد نواب چیمہ پیش ہوئے۔کیس کی آئندہ سماعت 26اکتوبر کو لاہور ہائیکورٹ میں ہوگی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں