سلمان اکرم راجہ 17

عدالتیں بے بس ہیں، انصاف نہیں دے سکتیں،سلمان اکرم راجہ

لاہور (رپورٹنگ آن لائن) پاکستان تحریک انصاف کے جنرل سیکرٹری سلمان اکرم راجہ نے کہا ہے کہ آج عدالتیں بے بس ہیں، جو انصاف بھی نہیں دے سکتیں۔لاہور ہائیکورٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ علیمہ خان اور ان کے ڈرائیور کو پہلے گرفتار کیا گیا، جس کے بعد نظربندی کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ ایک ڈرائیور جو مزدوری پر تھا، اسے بھی گرفتار کرلیا گیا۔ آج میں یہ کہنے پر مجبور ہوں کہ عدالتیں ملاقات بھی نہیں کراسکتیں۔ کسی کو بھی کسی وقت اٹھایا جاسکتا ہے اور عدالتیں انصاف فراہم نہیں کرسکتیں، جبکہ انگریز کے بنائے ہوئے کالے قوانین استعمال کرکے شہری آزادیاں سلب کی جا رہی ہیں۔سلمان اکرم راجا نے کہا کہ آج عدالتیں بے بس ہیں، جبکہ اس سے قبل آزاد عدلیہ کے فیصلے موجود ہیں۔

انہوں نے واضح کیا کہ پی ٹی آئی سوشل میڈیا کو ہم کنٹرول نہیں کرتے۔ ہم احتجاج کرتے رہیں گے، عوام کو آگاہ کرتے رہیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ جب لوگ باہر نکلتے ہیں تو ان پر گولیاں چلائی جاتی ہیں، تاہم پی ٹی آئی آئین اور قانون کی بالادستی کے لیے آواز اٹھاتی رہے گی۔ مہنگائی اور بے روزگاری سمیت عوامی مسائل اجاگر کرنا ہر سیاسی جماعت کا فرض ہے۔سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ بانی چیئرمین پی ٹی آئی عوام کے انہی حقوق کے تحفظ کے لیے جیل میں ہیں۔ بطور سیاسی جماعت عوام کے حقوق کے لیے آواز اٹھانا ہمارا فرض ہے اور ہر سیاسی جماعت کو آئینی حقوق کے تحفظ کے لیے آواز اٹھانی چاہیے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں