مانانوالہ(رپورٹنگ آن لائن)وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایت پر ضلع شیخوپورہ کے شہریوں کو سرکاری نرخوں پر اشیائے خورونوش کی دستیابی کو ہرصورت یقینی بنایا جائے ، کم وزن اور زائد قیمت پراشیائے ضروریہ کی فروخت کرنے والوں کے خلاف مقدمات درج کروائے جائیں .
ناجائز منافع خوروں اور ملاوٹ مافیا کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے ، پرائس کنٹرول مجسٹریٹس سبزیوں ، پھلوں ، نان و روٹی ، گوشت سمیت دیگر اشیائے ضروریہ کے وزن پر خصوصی نظر رکھیں اور کریانہ مرچنٹس کی مقررہ نرخوں پر دستیابی یقینی بنانے کے لیے فیلڈ میں موجودگی یقینی بنائیں ۔ ڈپٹی کمشنر شاہد عمران مارتھ نے ان خیالات کا اظہار اشیائے خورونوش کے پرچون نرخ مقرر کرنے کے لیے ضلعی پرائس کنٹرول کمیٹی اور پرائس مجسٹریٹس کی کارگردگی کا جائزہ لینے کیلئے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل نعمان علی ، ڈسٹرکٹ آفیسر انڈسٹریز ، پرائس مجسٹریٹس ، کریانہ مرچنٹس ایسوسی ایشن ، قصاب ایسوسی ایشن ، نان بائی ایسوسی ایشن کے عہدیداران سمیت دیگر ضلعی افسران نے اجلاس میں شرکت کی ۔ ڈپٹی کمشنر شاہد عمران مارتھ نے کہا کہ تمام پرائس کنٹرول مجسٹریٹس سرکاری نرخوں کے مطابق اشیائے ضروریہ کی فروخت پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں تاکہ گرانفروشوں کے خلاف پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی کاروائیوں سے صارفین کو فوری ریلیف مہیا کیا جاسکے ۔ اس موقع پر پرائس کنٹرول کمیٹی کے ممبران کی مشاورت سے مختلف اشیائے خورونوش کے ریٹ مقرر کیے گئے ہیں.
جن میں چاول سپر کرنل باسمتی پرانا 250، دال چنا موٹی 290، دال چنا باریک265 ، دال مسور(موٹی)255، دال مسور باریک 275، دال ماش 445 ، دال مونگ 375، سفید چنے موٹے360، سفید چنے باریک 255،چنے سیاہ موٹے278 ،چنے سیاہ باریک 270، بیسن300، چینی بمطابق گورنمنٹ پالیسی، آٹا تھیلہ 20 کلوگرام 1710 ، آٹا تھیلہ 10کلوگرام855 ، گوشت چھوٹا 1600، گوشت بڑا800، روٹی (100گرام) 14، سادہ نان (120گرام) 20، دودھ لیٹر 160، دہی 170، سبزی ،پھل، چکن اور انڈے بمطابق ریٹ لسٹ مارکیٹ کمیٹی کے مطابق ہونگے۔