کراچی (رپورٹنگ آن لائن) امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے صومالی قزاقوں کے ہاتھوں 138 روز سے یرغمال پاکستانیوں کی رہائی کے لیے پْرامن احتجاج کرنے والے شہریوں کی گرفتاریوں اور مبینہ تشدد کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پْرامن احتجاج شہریوں کا بنیادی اور آئینی حق ہے، حکومت طاقت کے استعمال کے بجائے عوام کے مسائل حل کرے۔
منعم ظفر خان نے اپنے بیان میں کہا کہ سندھ حکومت کی فسطائیت ہر جگہ نظر آرہی ہے، پولیس شہریوں کو تحفظ فراہم کرنے میں ناکام ہے لیکن اپنے حق کے لیے آواز اٹھانے والے شہریوں کے خلاف کارروائی، تشدد اور گرفتاریاں کی جارہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ صومالی قزاقوں کے ہاتھوں یرغمال پاکستانیوں کے اہل خانہ پہلے ہی شدید اذیت اور پریشانی سے دوچار ہیں۔ اپنے پیاروں کی بحفاظت واپسی کے لیے آواز اٹھانا ان کا بنیادی حق ہے، حکومت کو چاہیے کہ متاثرہ خاندانوں کے مطالبات سنے اور ان کی مشکلات کا ازالہ کرے، نہ کہ احتجاج کرنے والوں کو گرفتار کیا جائے۔امیر جماعت اسلامی کراچی نے کہا کہ احتجاج کرنے والوں کی گرفتاری کسی مسئلے کا حل نہیں، عوام اپنے پیاروں کی رہائی اور اپنے حقوق کے لیے حکمرانوں سے مطالبہ نہ کریں تو کس سے کریں؟ حکومت کو شہریوں کی آواز دبانے کے بجائے ان کے مسائل حل کرنے پر توجہ دینی چاہیے۔
انہوں نے وزیراعظم اور وزارت خارجہ سے مطالبہ کیا کہ صومالی قزاقوں کے ہاتھوں یرغمال پاکستانیوں کی بحفاظت اور فوری رہائی کے لیے مؤثر سفارتی و عملی اقدامات کیے جائیں اور معاملے کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے۔منعم ظفر خان نے کہا کہ پْرامن احتجاج کرنے والے شہریوں پر تشدد اور گرفتاریاں کسی صورت قابل قبول نہیں، سندھ حکومت فوری طور پر گرفتار افراد کو رہا کرے اور شہریوں کے بنیادی حقوق کا احترام کرے۔ طاقت کے استعمال کے بجائے مذاکرات اور بات چیت کے ذریعے عوامی مسائل حل کیے جائیں۔









