سعودی وزیر حج و عمرہ

صحت ضوابط پر پورا اترنے والے افراد کو ہی حج کی اجازت دی جائے گی،سعودی وزیر حج و عمرہ

مکہ المکرمہ(رپورٹنگ آن لائن) سعودی وزیر حج و عمرہ ڈاکٹر صالح محمد بنتن نے کہا ہے کہ صحت ضوابط پر پورا اترنے والے افراد کو ہی حج کی اجازت دی جائے گی۔

سعودی چینل العربیہ سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر حج و عمرہ ڈاکٹر صالح محمد بنتن نے کہا کہ امسال حج کے لیے سیکیورٹی فورس کے اہلکاروں اورفیلڈ میں کام کرنے والے صحت عملے کو ترجیح دی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ مختلف ممالک کے شہریوں اور تعداد کا تعین صحت شرائط و ضوابط کے تحت کیا جائے گا۔

سعودی وزیرحج کا کہنا تھا ’اس سال ہر ایک کو حج کی اجازت نہیں ہوگی۔ایک سوال پر انہوں نے بتایا کہ وزارت صحت نے سفارتی مشنوں، سفارتخانوں اور ان ممالک کے حج اداروں کے ساتھ بات چیت کرکے حج کے لیے صحت ضوابط مقرر کیے ہیں، اس سال مختلف ممالک کے عازمین کو حج پر بھیجا جائے گا جو صحت ضوابط پر پورے اترتے ہوں۔

وزیر حج کے مطابق جہاں تک سعودیوں کا تعلق ہے ان کے زمرے متعین کردیے گئے ہیں۔ اس حوالے سے ترجیح وزارت صحت کے فیلڈ عملے اور امن عامہ کے ان اہلکاروں کو دی جائے گی جنہوں نے کورونا وائرس سے بچاو کے حفاظتی اقدامات نافذ کرائے۔دوسری جانب حرمین جنرل پریذیڈنسی کے سربراہ نے بتایا کہ عازمین حج کے استقبال کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔ سلامتی کی خاطر اپنی یومیہ سرگرمیوں اور دفاتر میں حفاظتی اقدامات کی پابندی جاری رکھنا ہوگی۔