اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)نائب صدر پیپلز پارٹی سینیٹر شیری رحمان نے بھارت میں مسلمانوں کو ووٹ کے حق سے محروم کرنے کی بھرپور مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ جمہوریت کے دعویدار بھارت کا اصل چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب ہو گیا، مودی سرکار اقلیتوں کے بنیادی حقوق سلب کر رہی ہے۔
اپنے بیان میں شیری رحمن نے کہاکہ اقوام متحدہ کی جانب سے بھارتی حکومت سے وضاحت طلب کیا جانا انتخابی شفافیت پر سنگین سوالات اٹھاتا ہے۔ انہوںنے کہاکہ ووٹر فہرستوں سے لاکھوں نام حذف کیے جانے کے الزامات آزادانہ اور غیرجانبدارانہ تحقیقات کے متقاضی ہیں۔ انہوںنے کہاکہ مذہب اور شناخت کی بنیاد پر کسی بھی شہری کو انتخابی عمل سے باہر کرنا جمہوری اصولوں کی صریح خلاف ورزی ہے۔ انہوںنے کہاکہ انتخابی عمل میں شفافیت، مساوات اور غیرجانبداری ہر جمہوری ریاست کی بنیادی ذمہ داری ہے۔
انہوںنے کہاکہ اقلیتوں کے سیاسی و انتخابی حقوق کا تحفظ بین الاقوامی انسانی حقوق کے تقاضوں کے مطابق یقینی بنایا جائے۔ انہوںنے کہاکہ بھارت کو انتخابی عمل سے متعلق تمام خدشات دور کرنے اور عالمی برادری کے سامنے حقائق واضح کرنے چاہئیں۔ انہوںنے کہاکہ عالمی برادری کو بھارت میں انتخابی انصاف، شفاف انتخابات اور بنیادی جمہوری حقوق کے تحفظ کے لیے مؤثر کردار ادا کرنا چاہیے۔








