شازیہ ماریہ 18

شازیہ مری کا دہشتگردی کے خلاف قومی اتحاد اور مشترکہ حکمت عملی اپنانے پر زور

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)مرکزی ترجمان پیپلز پارٹی پارلیمنٹرینز شازیہ مری نے دہشتگردی کے خلاف قومی اتحاد اور مشترکہ حکمت عملی اپنانے پر زور دیتے ہوئے کہاہے کہ خیبر پختونخوا اور بلوچستان کی سیکیورٹی صورتحال انتہائی تشویشناک ہے، دہشتگردی پر قابو نہ پایا گیا تو اس کے اثرات پورے ملک بشمول کراچی تک پھیل سکتے ہیں۔

اپنے بیان میں شازیہ مری نے کہاکہ کراچی منی پاکستان ہے، ملک کے کسی بھی حصے میں بدامنی کے اثرات کراچی تک پہنچتے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ خیبر پختونخوا اور بلوچستان کی سیکیورٹی صورتحال انتہائی تشویشناک ہے، دہشتگردی پر قابو نہ پایا گیا تو اس کے اثرات پورے ملک بشمول کراچی تک پھیل سکتے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ بلاول بھٹو ہر فورم پر باور کراچکے ہیں کہ دہشتگردی پیپلز پارٹی کے لیے ریڈ لائن ہے، اس پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوسکتا۔

شازیہ مری نے کہاکہ دہشتگردی کو سیاسی عینک سے نہیں بلکہ قومی سلامتی کے مسئلے کے طور پر دیکھا جائے، دہشتگردی کے خلاف جنگ پوری قوم کی مشترکہ ذمہ داری ہے، تمام سیاسی جماعتیں اور ریاستی ادارے متحد ہوں۔شازیہ مری نے کہاکہ بلاول بھٹو نے وفاقی اور خیبر پختونخوا حکومت پر زور دیا ہے کہ دہشتگردی کے خلاف مشترکہ اقدامات کے لیے تحریری معاہدہ کریں۔انہوںنے کہاکہ چیئرمین پی پی پی کا موقف ہے کہ آئینی اقدامات سے پہلے سیاسی مذاکرات کے تمام ممکنہ راستے اختیار کیے جائیں۔ شازیہ مری نے کہاکہ پی ٹی آئی سمیت تمام سیاسی جماعتوں سے مذاکرات کرکے دہشتگردی کے خلاف مشترکہ لائحہ عمل بنایا جائے، بلاول بھٹو نے واضح کہا ہے کہ سیاسی اختلافات اور دہشتگردی کے خلاف قومی مفاد کو الگ الگ رکھا جائے۔

شازیہ مری نے کہاکہ دہشتگردی پاکستان کے وجود کے لیے سنگین خطرہ بن چکی ہے، پڑوسی ممالک سے دہشتگرد گروہوں کو ملنے والی معاونت پاکستان کی سلامتی کے لیے بڑا چیلنج ہے۔ انہوںنے کہاکہ خیبر پختونخوا میں دہشتگردی کے مسلسل واقعات کے باوجود سیاسی احتجاج جاری رہنا تشویشناک ہے۔ انہوںنے کہاکہ تمام سیاسی جماعتیں مذاکرات کو کامیاب بنائیں تاکہ ملک کو سیاسی عدم استحکام سے بچایا جاسکے۔شازیہ مری نے کہاکہ سیاسی استحکام کے ذریعے دہشتگردی کا مؤثر مقابلہ اور عوامی ترقی کے منصوبوں کا تسلسل ممکن ہے۔ انہوںنے کہاکہ پیپلز پارٹی دہشتگردی کے خلاف جدوجہد میں بے شمار قربانیاں دے چکی ہے،

دہشتگردی کے خلاف جنگ جاری رہے گی۔ انہوںنے کہاکہ پیپلز پارٹی دہشتگردی کے خاتمے کے لیے تمام آئینی راستے اختیار کرنے کے عزم پر قائم ہے۔ رہنما پیپلز پارٹی نے کہاکہ ملک میں ایمرجنسی یا گورنر راج جیسی صورتحال پیدا ہونے سے پہلے سیاسی حل نکالنا تمام جمہوری قوتوں کی ذمہ داری ہے۔ شازیہ مری نے کہاکہ پاکستان کی سلامتی، جمہوریت اور تمام صوبوں کے مفاد میں سیاسی مذاکرات کی کامیابی ناگزیر ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں