بجٹ

سی پی ایس پی کی جنرل باڈی میٹنگ۔بجٹ متفقہ طور پر منظور

لاہور (ر پورٹنگ آن لائن)سی پی ایس پی کی کونسل اور بعد ازاں جنرل باڈی نے بجٹ2021-2022کی متفقہ طور پر منظوری دی، جنرل باڈی میٹنگ میں چاروں صوبوں سے کونسل ممبران اور عہدے داران پنجاب سے پروفیسر محمد شعیب شفیع، پروفیسر خالد مسعود گوندل، پروفیسر محمود ایاز،پروفیسر محمد طیب، پروفیسر عامر زمان خان، پروفیسر اصغر بٹ، پروفیسر غلام مجتبیٰ، پروفیسر ابرار اشرف علی سندھ سے، پروفیسر خالد اشرفی، پروفیسر محمدمسرور، پروفیسر امبرین افضال، پروفیسر شاہد پرویز، پروفیسر عباس میمن، خیبر پختون خواں سے پروفیسر وقار عالم جان اور پروفیسر جہانگیر خان بلوچستان سے پروفیسر عائشہ صدیقہ جبکہ افواج پاکستان سے میجر جنرل مظہر اسحاق، میجر جنرل شہلہ بقائی اور میجر جنرل پروفیسر فرخ سعید موجود تھے۔ فیلوز کی کثیر تعداد نے لاہور سینٹر پر کرونا ایس او پیز پر عمل کرتے ہوئے جبکہ ملک اور بیرون ملک دیگر سینٹرز پر فیلوز نے آن لائن شرکت کی ۔ لاہور سے پبلک اور پرائیویٹ اداروں کے سربراہان اور دیگر شہروں سے اداروں کے سربراہان نے بھی آن لائن شرکت کی کالج کے نائب صد ر پروفیسر خالد اشرفی نے بجٹ کی تفاصیل سے آگاہ کیا۔
بجٹ

بجٹ میں ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے کی منظوری دی گئی اور ہیڈ آفس کرا چی بشمول ریجنل سینٹر لاہور، اسلام آباد، کوئٹہ، ملتان، پشاور، ایبٹ آباد، فیصل آباد، بہاولپور، حیدر آباد، لاڑکانہ، نوابشاہ، کھٹمنڈو،میں ترقیاتی کاموں کے بجٹ کی منظوری دی گئی۔علاوہ ازیں بیرون ملک ریجنل سینٹر بشمول آئرلینڈ اور انگلینڈ، سعودی عریبیہ، نیپال میں جاری سرگرمیوں کا جائزہ لیا گیا۔ صدر سی پی ایس پی پروفیسر ظفراللہ چوہدری نے فیلوز سے خطاب میں کہا کہ کوویڈ حالات کے باوجود ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ، تعلیمی اور ترقیاتی سرگرمیاں ایس او پیز پر عمل درآمد کے ساتھ جاری رہیں۔

اجلاس میں طے پایا کہ مستقبل میں آئرلینڈ اور انگلینڈ کے سینٹرز میں سی پی ایس امتحانات لئے جائیں گے۔ کالج کے سابقہ سینئر نائب صدر اور سینئر استاد پروفیسر راشد لطیف نے کالج کونسل اور انتظامیہ کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ امتحانات اور ورکشاپس کی فیس بڑھائے بغیر کالج کی ترقی کا تسلسل ایک مستحسن قدم ہے یورپ میں کالج کے امتحانات کا انعقاد ملک و قوم کے لئے بہت بڑی خوشخبری ہے۔ انہوں نے کہا کہ قانون میں دی گئی خود مختاری کی وجہ سے عالمی سطح پر سی پی ایس پی نے مقام حاصل کیا۔ کالج کے سینئر نائب صدر پروفیسر محمد شعیب شفیع نے خطبہ استقبالیہ میں کالج کی کارکردگی پر روشنی ڈالی جبکہ نائب صدر پروفیسر خالد اشرفی اور ڈائریکٹر نیشنل ریزی ڈینسی پروگرام پروفیسر محمود ایاز نے کثیر تعداد میں فیلوز کی موجودگی اور آن لائن شرکت پر شکریہ ادا کیا۔