روس

سیکریٹری جنرل اقوامِ متحدہ کی مذمت دہرا معیار ہے،روس

ماسکو(رپورٹنگ آن لائن)روس نے یوکرین میں شہری تنصیبات کو نشانہ بنانے کا الزام مسترد کر دیا اور یو این کے سیکریٹری جنرل کی مذمت کو دہرا معیار قرار دے دیا۔میڈیارپورٹس کے مطابق اقوامِ متحدہ میں مستقل روسی مندوب ویسلی نیبینزیا نے سوال کیا کہ اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے کیف واقعے کی مذمت کی، جبکہ سیوستاپول حملے پر خاموشی کیوں اختیار کی؟ یوکرین میں کچھ ہو تو گوتریس اور ان کے ترجمان فوری مذمت کو آتے ہیں۔

روسی مندوب کا کہنا تھا کہ کیف میں بچوں کے اسپتال کو ناروے کے دیے گئے میزائل نظام نے نشانہ بنایا، ناروے بتائے اس نے یوکرینی فوج کو اجازت دی کہ میزائل نظام رہائشی علاقے میں رکھے؟اقوامِ متحدہ میں روسی مندوب کا یہ بھی کہنا تھا کہ ناروے بتائے کہ یوکرینی فوج کو اجازت دی تھی کہ کیف میں بچوں کے اسپتال کو نشانہ بنائے؟ادھر روسی وزارتِ دفاع کا کہنا تھا کہ یوکرین میں شہری تنصیبات پر حملے کی خبریں پروپیگنڈا ہیں، یوکرین میں حالیہ نقصان یوکرینی ایئر ڈیفنس سسٹم کے میزائل گرنے سے ہوا ہے۔امریکا میں روسی سفیر نے بھی کیف میں اسپتال پر حملے کو روس مخالف پروپیگنڈا قرار دے دیا۔