خوشبو 8

سید نور کی فلموں میں صائمہ کو بار بار مرکزی حیثیت دینے سے دوسری اداکارائوں کا حق متاثر ہوا، خوشبو

لاہور( رپورٹنگ آن لائن)نامور اداکارہ خوشبو نے کہا ہے کہ پاکستانی فلم انڈسٹری میں مس کاسٹنگ اور مخصوص فنکاروں کو بار بار ترجیح دینے کی شکایت صرف مجھے ہی نہیں بلکہ متعدد اداکارائوں اور اداکاروں کو بھی ہے،سید نور کی فلموں میں اکثر صائمہ نور کو اس قدر مرکزی حیثیت دی گئی کہ دیگر اداکارائوں کیلئے مواقع محدود ہو گئے، بعض فلموں میں اگر ڈبل رول ہے تو ماں اور بیٹی جیسے دونوں کردار صائمہ نور ہی کو دیدئیے گئے حالانکہ کردار کی عمر اور تقاضوں کے مطابق دوسری اداکارائوں کو بھی موقع ملنا چاہیے تھا۔

ایک انٹر ویو میں خوشبو نے کہا کہ میںصائمہ نور کی صلاحیتوں یا مقبولیت کی مخالف نہیں، وہ ایک بڑی اسٹار ہیں اور ان کے نام سے فلمیں فروخت ہوتی ہیں، لیکن اس کے ساتھ نئے فنکاروں کو بھی آگے آنے کا موقع ملنا چاہیے، صائمہ چاہے دو سین کریں یا کریں ان کے نام کی فلمیں فروخت ہونی ہے اس کے ساتھ آپ نئے چہروں کو بھی موقع دیں۔ انہوں نے کہا کہ سید نور نے ماضی میں ریشم، جیا علی اور ریما سمیت متعدد اداکارائوں کو متعارف کرایا اور انہیں پہچان دی اس لیے ان سے توقع ہے کہ وہ نئے ٹیلنٹ کو بھی سامنے لائیں گے۔

خوشبو نے اپنے تجربے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ سید نور نے مجھے اور جنت مرزا کو اپنی فلم میں کاسٹ کیا ، لیکن جب فلم پردہ سکرین پر آئی تو اس میں نہ میں تھی اور نہ جنت مرزا تھی صرف صائمہ نور تھیں۔ انہوں نے کہا کہ فلم انڈسٹری میں نئے چہروں کی آمد اور کرداروں کے مطابق فنکاروں کا انتخاب ضروری ہے تاکہ کسی ایک اداکارہ کی مقبولیت کے باعث دوسری باصلاحیت اداکارائوں کا حق متاثر نہ ہو۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں