کراچی(رپورٹنگ آن لائن) سندھ ہائی کورٹ نے دو لاپتا شہریوں کی بازیابی سے متعلق درخواستوں پرپولیس سے رپورٹ طلب کرلی ہے ۔سندھ ہائیکورٹ میں سائٹ سپر ہائی وے اور بلدیہ ٹاؤن کے علاقوں سے لاپتا ہونے والے دو شہریوں کی بازیابی سے متعلق درخواستوں کی سماعت ہوئی۔ اس موقع پر ایس ایچ او سائٹ سپر ہائی وے کی جانب سے جواب عدالت میں جمع کرادیا گیا جبکہ بلدیہ ٹاؤن سے لاپتا شہری فیضان کی بازیابی کے لیے قائم مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) کی رپورٹ پیش کرنے کے لیے مہلت طلب کی گئی۔
پولیس کی جانب سے جمع کرائے گئے جواب میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ درخواست گزار ریاض خان کے لاپتا ہونے سے متعلق مقدمہ درج کرانے کے لیے پولیس اسٹیشن نہیں آئے۔ جواب کے مطابق درخواست گزار نے فون پر پولیس کو بتایا کہ وہ لاہور میں موجود ہیں۔عدالت نے اس معاملے پر درخواست گزار کو نوٹس جاری کرنے کی ہدایت کردی۔دوسری جانب بلدیہ ٹاؤن سے لاپتا شہری فیضان کی بازیابی کے معاملے پر تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ اس سلسلے میں قائم مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کا ایک اجلاس ہوچکا ہے۔ انہوں نے جے آئی ٹی کے دوسرے اجلاس کی رپورٹ پیش کرنے کے لیے مزید مہلت طلب کی۔عدالت نے تفتیشی افسر کی استدعا منظور کرتے ہوئے سماعت 19 نومبر تک ملتوی کردی۔









