کراچی(رپورٹنگ آن لائن) سندھ ہائیکورٹ نے صوبے بھر میں وال چاکنگ اور غیر قانونی پوسٹرز کے خلاف قانون پر عمل درآمد یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے چیف سیکریٹری سندھ سے رپورٹ طلب کرلی۔عدالت نے قرار دیا کہ قانون پر عمل نہ ہونا شہریوں کے صاف ستھرے ماحول اور بہتر زندگی کے حق کو متاثر کرتا ہے۔
عدالت نے تمام بلدیاتی اداروں اور مقامی کونسلوں کو اپنے علاقوں سے غیر قانونی بینرز، پوسٹرز اور وال چاکنگ فوری ختم کرنے کی ہدایت بھی جاری کی۔درخواست گزار کے وکیل طارق منصور نے مؤقف اختیار کیا کہ پریوینشن آف ڈیفیسمنٹ آف پراپرٹی ایکٹ 2013 پہلے سے نافذ ہے،
جس کے تحت خلاف ورزی پر چھ ماہ قید یا پانچ ہزار روپے جرمانہ جبکہ جرم جاری رہنے پر روزانہ ایک ہزار روپے اضافی جرمانہ عائد کیا جاسکتا ہے۔چیف سیکریٹری سندھ کی جانب سے رپورٹ پیش نہ کیے جانے پر حکومت نے مہلت طلب کی، جس پر عدالت نے سماعت دو ہفتوں کے لیے ملتوی کردی۔









