اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے بلوچستان میں فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائیوں کے دوران 4 دہشت گردوں کو جہنم واصل کرنے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ۔ پیر کو اپنے ایک بیان میں انہوں نے گوادر (شادی کور)آپریشن کے دوران میجر وجاہت وحید کے قیمتی جانی نقصان پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ۔
سپیکر سردار ایاز صادق نے شہید میجر وجاہت وحید کی عظیم قربانی اور وطن سے غیر متزلزل وفاداری کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ میجر وجاہت وحید شہید نے مادر وطن کے لیے جان کا نذرانہ پیش کیا۔ انہوں نے شہید میجر وجاہت وحید کے اہلِ خانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کیا اور کہا کہ قوم میجر وجاہت وحید شہید کی قربانی کو ہمیشہ یاد رکھے گی،دہشت گردی کے خلاف پوری قوم متحد ہے۔وطن کے دفاع اور امن کے قیام کے لیے سکیورٹی فورسز نے لازوال قربانیاں پیش کی ہیں۔سپیکر سردار ایاز صادق نے میجر وجاہت وحید شہید کے درجات کی بلندی اور اہل خانہ کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔
٭٭٭٭٭









