لاہور (رپورٹنگ آن لائن)امیر جماعت اسلامی پنجاب محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ ملک میں عوامی مسائل حل کرنے کے بجائے حکمران طبقہ اپنی مراعات اور سیاسی مفادات کے تحفظ میں مصروف ہے، جس کے نتیجے میں مہنگائی، بے روزگاری اور بنیادی سہولیات کے فقدان نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے، پنجاب میں مسلم لیگ نون ،عوامی وسائل پر قابض ہے،
سندھ میں پیپلز پارٹی نے بدانتظامی اور ناقص حکمرانی کی بدترین مثال قائم کر دی ہے جبکہ خیبر پختونخوا میں پاکستان تحریک انصاف بھی عوامی فلاح کو ترجیح دینے کے بجائے ارکان اسمبلی کی مراعات میں اضافے میں مصروف رہی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز منصورہ میں عوامی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔محمد جاوید قصوری نے کہا کہ ممبران اسمبلی کی تنخواہوں اور مراعات میں اضافے کے فیصلے عوام کے زخموں پر نمک چھڑکنے کے مترادف ہیں۔ ملک کے کروڑوں شہری مہنگائی، بے روزگاری اور معاشی بدحالی کا شکار ہیں، اس لیے حکمرانوں کو چاہیے کہ وہ اپنی مراعات بڑھانے کے بجائے عوام کو تحفظ، روزگار، صحت، تعلیم اور دیگر بنیادی سہولیات فراہم کریں۔
ریاست کی اصل ذمہ داری عوام کو ریلیف دینا ہے، نہ کہ حکمران طبقے کو مزید آسائشیں فراہم کرنا۔انہوں نے پنجاب حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ سرکاری سکولوں اور ہسپتالوں کو مرحلہ وار ٹھیکیداروں کے حوالے کیا جا رہا ہے، جس سے تعلیم اور صحت جیسے بنیادی شعبے تجارتی مراکز میں تبدیل ہوتے جا رہے ہیں۔ غریب شہری پہلے ہی مہنگے علاج سے پریشان ہیں، اب سرکاری ہسپتالوں میں پارکنگ کے نام پر گھنٹوں کے حساب سے فیس وصول کر کے عوام پر ایک اور مالی بوجھ ڈال دیا گیا ہے۔ عوام کو علاج کی سہولت دینے کے بجائے ہر مرحلے پر ان سے رقم وصول کی جا رہی ہے۔
امیر جماعت اسلامی پنجاب نے کہا کہ حکمرانوں کی معاشی پالیسیاں عوام کو ریلیف دینے میں مکمل طور پر ناکام ثابت ہوئی ہیں۔ حکومت فوری طور پر عوام دشمن معاشی فیصلوں پر نظرثانی کرے، مہنگائی پر قابو پانے کے لیے مؤثر اقدامات کرے، سرکاری تعلیمی اداروں اور ہسپتالوں کی نجکاری اور ٹھیکیداری نظام بند کرے، ہسپتالوں میں ناجائز فیسوں کا خاتمہ کرے اور عوامی وسائل کو عوام کی فلاح پر خرچ کیا جائے۔ جماعت اسلامی ہر سطح پر عوام کے حقوق کی جدوجہد جاری رکھے گی اور ملک میں انصاف، شفافیت اور حقیقی عوامی خدمت پر مبنی نظام کے قیام کے لیے اپنی آواز بلند کرتی رہے گی۔








