ممبئی (رپورٹنگ آن لائن) بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی)نے آل راونڈر رویندرا جڈیجا کے ون ڈے کیرئیر پر جلد بریک لگنے کا عندیہ دیدیا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق نئے ہیڈکوچ گوتم گمبھیر پاکستان میں ہونے والی چیمپئینز ٹرافی 2025 سے قبل نوجوان کھلاڑیوں کو موقع دینا چاہتے ہیں جس کے باعث جڈیجا کا ون ڈے کیرئیر اختتام پذیر ہوسکتا ہے۔ چیمپئینز ٹرافی 2025 سے قبل بھارتی ٹیم محض 6 ون ڈے انٹرنیشنل میچز کھیلے گی جس میں تین میچز سری لنکا کیخلاف سیریز میں شامل ہے، جس میں سلیکٹرز اکشر پٹیل اور واشنگٹن سندر کو زیادہ سے زیادہ موقع دینا چاہتے ہیں۔
بی سی سی آئی ذرائع کا کہنا ہے کہ ون ڈے میں آل رانڈر کی جگہ مشکل ہے تاہم ریڈ بال فارمیٹ اور ورلڈ ٹیسٹ چیمپئین شپ کے فائنل میں وہ اسکواڈ کا حصہ ہوسکتے ہیں۔ سال 2019 ون ڈے ورلڈکپ کے بعد سے جڈیجا نے 40 کی اوسط اور 84 کے اسٹرائیک ریٹ سے بلے سے 644 رنز بنائے ہیں جبکہ بالنگ کے دوران 37 کی اوسط سے 44 وکٹیں اور 4.9 اکانومی رہی۔ حکام کا کہنا ہے جڈیجا کی کارکردگی میں کوئی برائی نہیں، البتہ مینجمنٹ دوسرے آپشنز کو موقع دینا چاہتی ہے تاکہ مستقبل کیلئے ٹیم تشکیل دی جاسکے۔