طاہر محمود اشرفی 19

دہشتگردی اور انتہا پسندی کے خلاف مدارس عربیہ ریاستِ پاکستان کے شانہ بشانہ ہیں،طاہر اشرفی

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)چیئرمین پاکستان علماء کونسل و کوآرڈینیٹر قومی پیغامِ امن کمیٹی حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ مدارس عربیہ اسلام اور پاکستان کی خدمت کر رہے ہیں۔ دہشت گردی، انتہا پسندی اور فرقہ وارانہ تشدد کے خلاف مدارس عربیہ ماضی میں بھی ریاست کے ساتھ کھڑے تھے اور آج بھی ریاستِ پاکستان کے شانہ بشانہ ہیں۔ مدارس و مساجد کے مقدس نام پر کسی کو دہشت گردی یا انتشار پھیلانے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔

علماء و مشائخ اور مدارس عربیہ کے ذمہ داران سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ فیلڈ مارشل حافظ سید عاصم منیر کی ذاتی کوششوں اور وزیراعظم پاکستان کی ہدایات پر اسلام آباد میں مدارس عربیہ کی رجسٹریشن اور بینک اکاؤنٹس کھولنے کا عمل شروع ہو چکا ہے۔ یہ سہولت تمام وفاقوں اور بورڈز کے لیے ہے اور ان شا اللہ صوبوں میں بھی فراہم کی جائے گی۔

وفاقی و صوبائی حکومتیں مدارس کے مسائل کے حل کے لیے مکمل تعاون کریں گی۔حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ قومی پیغامِ امن کمیٹی نے حکومت اور مدارس عربیہ کے درمیان فاصلے ختم کرنے، باہمی اعتماد بحال کرنے اور تعاون کو فروغ دینے میں مؤثر کردار ادا کیا ہے۔ کمیٹی مدارس کے وفاقوں، تنظیموں اور محراب و منبر کے قائدین کے ساتھ مل کر امن، قومی وحدت اور استحکامِ پاکستان کے لیے اپنا کردار جاری رکھے گی۔

اس موقع پر مولانا محمد نعمان ہاشر، مولانا سلطان محمود ضیا، مولانا طاہر عقیل، مولانا ذوالفقار احمد، مولانا عبدالہادی، مولانا ابو بکر صابری، مولانا سعد ہزاروی اور دیگر علماء و مشائخ بھی موجود تھے۔اس موقع پر ممتاز عالمِ دین، مفکر، دانشور اور پاسبانِ اسلام کے سربراہ مولانا سلطان محمود ضیاء نے اپنے ساتھیوں سمیت پاکستان علما کونسل میں شمولیت کا باضابطہ اعلان کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں