شہباز شریف 22

خطے کی کشیدگی سے نمٹنے کے لئے مکمل تیاری رکھیں، وزیراعظم

اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن) وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت خطے میں کشیدگی کے ملکی معیشت پر اثرات کا جائزہ اجلاس ہوا، جس میں سادگی و کفایت شعاری کے اقدامات پر رپورٹ پیش کی گئی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے ہدایت کی کہ خطے کی صورتحال میں غیر یقینی برقرار ہے، ہر ممکنہ چیلنج سے نمٹنے کے لیے مکمل تیاری رکھی جائے۔

شہباز شریف نے کہا کہ اللہ کے فضل و کرم سے ملکی معیشت فی الوقت مستحکم ہے، تاہم ضرورت پڑنے پر بروقت اقدامات کے لیے جامع لائحہ عمل مرتب کیا جائے۔

وزیراعظم نے پٹرولیم مصنوعات اور توانائی بچت کی قومی مہم میں عوام کے بھرپور تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ گزشتہ سادگی و کفایت شعاری مہم میں عوام نے بھرپور کردار ادا کیا جس پر تہہ دل سے مشکور ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بروقت اور مؤثر حکومتی حکمت عملی سے ملک میں ایندھن کی فراہمی کی صورتحال کا بہترین انداز میں انتظام کیا گیا، حکومت نے عام آدمی، موٹر سائیکل سواروں، رکشہ ڈرائیوروں اور ٹرانسپورٹرز کو تحفظ فراہم کیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ حکومت کی جانب سے دی گئی سبسڈی کے نتیجے میں ایندھن کی قیمتوں میں اضافے کے اثرات کو مؤثر انداز میں کنٹرول کیا گیا۔

انہوں نے صوبائی حکومتوں کے ساتھ مل کر پٹرولیم مصنوعات کی مصنوعی قلت پیدا کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت کی۔

اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ ملکی ضروریات کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کے وافر ذخائر موجود ہیں اور مستقبل کے لیے فراہمی کو یقینی بنا لیا گیا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ خطے میں کشیدگی بڑھنے کے منفی اثرات سے ملکی معیشت کے مستقبل میں متاثر ہونے کا خدشہ ہے، اس لیے کفایت شعاری کو قومی سطح پر اپنانا ہوگا۔

اجلاس میں وفاقی وزراء احد خان چیمہ، محمد اورنگزیب، علی پرویز ملک، اویس خان لغاری، وزیر مملکت بلال اظہر کیانی، معاون خصوصی طارق باجوہ، گورنر سٹیٹ بینک جمیل احمد اور اعلیٰ سرکاری حکام نے شرکت کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں