مراد علی شاہ 17

خاندانی منصوبہ بندی ماں اور بچے کی صحت کیلئے اہم ہے، وزیراعلیٰ سندھ

کراچی(رپورٹنگ آن لائن)وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ عالمی یومِ مانع حمل تولیدی صحت اور خاندانی منصوبہ بندی کی اہمیت اجاگر کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے، خاندانی منصوبہ بندی سے ماں اور بچے کی صحت بہتر بنانے کے ساتھ پیدائش میں مناسب وقفہ ممکن ہوتا ہے۔عالمی یومِ مانع حمل کے موقع پر اپنے پیغام میں مراد علی شاہ نے کہا کہ مانع حمل طریقوں سے متعلق آگاہی غیر منصوبہ بند حمل اور اس سے وابستہ صحت کے خطرات کم کرنے میں مددگار ثابت ہوسکتی ہے، محفوظ تولیدی صحت کیلئے مستند معلومات اور معیاری طبی مشاورت تک رسائی ضروری ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ سندھ حکومت خاندانی منصوبہ بندی اور تولیدی صحت کی خدمات کی فراہمی جاری رکھے ہوئے ہے، محکمہ بہبودِ آبادی خاندانی منصوبہ بندی 2030 کے اہداف کے تحت مانع حمل خدمات کو بہتر بنا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ لیڈی ہیلتھ ورکرز کے ذریعے خاندانی منصوبہ بندی کی بنیادی خدمات گھر گھر پہنچائی جارہی ہیں جبکہ پی پی ایچ آئی سندھ کے مراکز میں بھی خاندانی منصوبہ بندی اور تولیدی صحت کی سہولیات دستیاب ہیں۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ آبادی میں بے قابو اضافہ سندھ کی سماجی اور معاشی ترقی کیلئے ایک بڑا چیلنج ہے۔ انہوں نے عوام پر زور دیا کہ خاندانی منصوبہ بندی سے متعلق مستند معلومات حاصل کریں اور محفوظ تولیدی صحت کیلئے ماہرین صحت سے مشاورت کریں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں