امریکہ 10

چین اور امریکہ کے درمیان آٹھ نکاتی اتفاق رائے

بیجنگ (رپورٹنگ آن لائن) چینی صدر شی جن پھنگ نے امریکہ کا سرکاری دورہ کیا۔ اس دوران دونوں سربراہان مملکت نے چین اور امریکہ کے درمیان تعمیری اسٹریٹجک استحکام پر مبنی تعلقات کے ساتھ ساتھ اہم بین الاقوامی اور علاقائی مسائل پر گہرائی سے تبادلہ خیال کیا اور آٹھ نکاتی اتفاق رائے تک پہنچے، جن میں شامل ہیں:

پہلا، فریقین نے اتفاق کیا ہے کہ احترام، انصاف اوربرابری کی بنیاد پر” چین اور امریکہ کے درمیان تعمیری اسٹریٹجک استحکام پر مبنی تعلقات ” قائم کئے جائیں۔

دوسرا،فریقین نے اپیک رہنماؤں کے غیر رسمی اجلاس اور جی ٹونٹی رہنماؤں کے سربراہی اجلاس کی کامیابی سے میزبانی کرنے میں ایک دوسرے کی حمایت کرنے پر اتفاق کیا۔ دونوں سربراہان مملکت نے ان اجلاسوں میں شرکت کا عندیہ ظاہر کیا۔

تیسرا، دونوں سربراہان مملکت نے اس بات پر اتفاق کیا کہ ایران جوہری ہتھیاروں کو ترقی نہ دینے کے اپنے وعدے کو پورا کرے، اور یہ کہ کوئی بھی ملک یا تنظیم بین الاقوامی آبی گزرگاہوں پر محصولات عائد نہ کرے۔

چوتھا، دونوں سربراہان مملکت نے یاد دلایا ہے کہ چین اور امریکہ دوسری جنگ عظیم میں اتحادی تھے اور جنگ جیتنے کے لیے شانہ بشانہ لڑ چکے ہیں۔

پانچواں، دونوں سربراہان مملکت نے چین-امریکہ تجارتی مشاورتی میکانزم کے مثبت کردار اور دونوں تجارتی ٹیموں کے درمیان مشاورت کے نتائج کو تسلیم کیا، جس میں تجارتی کونسل سمیت میکانزم کا قیام اور پیشرفت، 30 بلین امریکی ڈالر کے باہمی ٹیرف میں کمی کے انتظامات اور کوالالمپور میں مشاورت کی توسیع وغیرہ شامل ہیں۔ دونوں سربراہان مملکت نے ان نتائج پر عمل درآمد کی ہدایات دیں۔

چھٹا، چین اور امریکہ کے انسداد منشیات کے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان تعاون کے نمایاں نتائج سامنے آئے ہیں۔ حالیہ عرصے میں دونوں فریقوں نے قریبی تعاون کرتے ہوئے نئے سائیکو ایکٹیو مادوں اور پیشگی کیمیکلز پر مشتمل متعدد کیسوں کا سراغ لگایا ہے، اور دونوں ممالک میں درجنوں متعلقہ مجرموں کو گرفتار کیا ہے۔

ساتواں، فریقین نے مصنوعی ذہانت کے خطرات اور فوائد کے حوالے سے خیالات کے تبادلے کے لیے چین-امریکہ مصنوعی ذہانت کا ڈائیلاگ نظام قائم کرنے پر اتفاق کیا۔ اگلا ڈائیلاگ اس سال نومبر میں منعقد ہوگا۔ دونوں فریقوں نے مصنوعی ذہانت سے متعلق واقعات کے لیے مواصلاتی چینلز قائم کرنے پر اتفاق کیا۔

آٹھواں، امریکہ اٹلانٹا کے چڑیا گھر میں چین کی جانب سے کرایے پر دیے گئے دو پانڈوں کی آمد کا خیرمقدم کرتا ہے۔

مزید برآں، چینی اور امریکی افواج نے بحران کی پیشگی روک تھام اورمواصلات کے لئے مفاہمت کی ایک یادداشت پرجلد از جلد دستخط کرنے اور چین میں لاپتہ امریکی فوجی اہلکاروں کی باقیات کی تلاش میں تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں