مصدق ملک

حکومت نوجوانوں کوروزگارکے مواقع فراہم کرنے کے لیے اقدامات کررہی ہے،مصدق ملک

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)وفاقی وزیر توانائی (پٹرولیم ڈویژن) ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا ہے کہ نوجوان پاکستان کا مستقبل ہیں انہیں مایوس نہیں ہونے دیں گے ، حکومت نوجوانوں کوروزگارکے مواقع فراہم کرنے کے لیے اقدامات کررہی ہے اور ایسی پالیسیاں بنائی جا رہی ہیں جس سے ملک کی برآمدات میں اضافہ ہو۔

جمعرات کو سی ای او سمٹ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ روزگارکی فراہمی میں آئی ٹی کے شعبے کا اہم کردارہے اور آنے والے دور میں ہم آرٹیفیشل انٹیلی جنس کی مدد سے اپنی برآمدات میں اضافہ بھی کر سکتے ہیں اور اپنی جی ڈی پی کو مضبوط کر سکتے ہیں۔ زرعی معیشت پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ زرعی شعبے کا ملکی معیشت میں نمایاں کردارہے لیکن اس شعبے میں ہمیں محنت کی ضرورت ہے ، زرعی برآمدات میں اضافے کے لئے ہمیں جدید تقاضوں کو اپنانا ہوگا اور اس شعبے میں ہم آرٹیفیشل انٹیلی جنس کا سہارا بھی لے سکتے ہیں۔

ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا کہ ہمیں زرعی اجناس بالخصوص پھل سبزیوں کو ضائع ہونے سے بچانا ہے اور انہیں محفوظ بنا کر برآمدکرنا ہے تاکہ ہماری جی ڈی پی میں بہتری آئے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ آئی ٹی اورزراعت کے شعبوں میں بہتری سے برآمدات میں اضافہ ہوتاہے اور اس سلسلے میں حکومت عملی اقدامات اٹھا رہی ہے کیونکہ ہماری زراعت ملک کی جی ڈی پی میں صرف 6.8 فیصد ہی حصہ ڈال رہی ہے جس کو بڑھانے کی ضرورت ہے۔ ڈاکٹرمصدق ملک نے کہا کہ پائیدارترقی کے اہداف کے حصول کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ملک کی توانائی کی بڑھتی ہوئی ضرورتوں کو پوراکرناایک چیلنج ہے،توانائی کے شعبے میں بہتری لانے کے لیے کام کررہے ہیں۔ وفاقی وزیر پٹرولیم نے کہا کہ توانائی کی طلب کوپورا کرنے کیلئے مقامی ذرائع بروئے کار لاناترجیح ہے اور اس سلسلے میں موجودہ حکومت نے ٹھوس اقدامات اٹھائے ہیں۔ گرین توانائی پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمیں الیکٹرک وہیکلز (ای وی) کی طرف جانا ہوگا ، دنیا میں اب الیکٹرک گاڑیوں کی تعداد بڑھ رہی ہے اگر ہم بھی اس ٹیکنالوجی کو اپنا لیں تو اس سیمثبت ماحولیاتی اثرات مرتب ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی سطح پر کاربن کے اخراج میں پاکستان کا حصہ نہ ہونے کے برابر ہے لیکن اس کے باوجود موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث رونما ہونے والی آفات سے متاثرہ ممالک کی فہرست میں پہلے دس ممالک میں شمار ہوتا ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان میں توانائی کے بحران پر قابو پانے کے لئے ہمیں شمسی اور ونڈ توانائی سے مستفید ہونا چاہیے۔
٭٭٭٭٭