محمد جاوید قصوری

حکمرانوں نے پاکستان کو ہیجانی کیفیت میں مبتلا کر دیا ہے’ جاوید قصوری

لاہور ( رپورٹنگ آن لائن) امیر جماعت اسلامی پنجاب پنجاب محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ حکمرانوں نے پاکستان کو ہیجانی کیفیت میں مبتلا کر دیا ہے ،ہر جگہ عوام کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ، حکومت اپنی رٹ قائم رکھنے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے ، ملک کی سرحدیں غیر محفوظ اور داخلی طور پر تفریق بڑھ رہی ہے جس سے قومی سلامتی کو درپیش خطرات میں اضافہ ہو گیا ہے ، تمام اسٹیک ہولڈرز اختلافات بھلا کر آگے بڑھیں اور قوم کو اضطراب سے نکالیں،جماعت اسلامی ملک کے اندر عوامی مسائل کی سیاست کر رہی ہے ۔

انہوں نے ان خیالات کاا ظہار لاہور میں مختلف پروگرامات سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ ان کا کہناتھا کہ جب تک حکمران اپنے اللوں تللوں کو ختم اور عوام کی فلاح و بہبود کو ترجیح نہیں دیں گے اس وقت تک ملک و قوم کی مشکلات میں کمی ممکن نہیں۔ ملک کو انتشار ، افراتفری اور انتقامی سیاست سے باہر نکال کر ترقی کی راہ پر گامزن کرنا ہوگا ۔

حالات تیزی کے ساتھ حکومت کے قابو سے باہر ہو رہے ہیں ۔ وقت کا تقاضا ہے کہ قوم میں تقسیم ختم کی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو اغیار کی غلامی میں دینے والے فارم 47کے حکمران خود کو قوم کے سامنے جوابدہ نہیں سمجھتے۔ آج پاکستان کی معیشت برباد ہو چکی ہے ۔حکمرانوں کی عیاشیاں ختم ہونے کا نام نہیں لے رہی ۔ آج ضرورت اس بات کی ہے اسلام کے کے نظام کے لئے ہم متحد ہوں ۔ ملک غربت اور جہالت میں ڈوبا ہوا ہے لیکن ہماری سول اور غیر سول افسرشاہی اپنے ٹھاٹھ باٹھ چھوڑنے تیار نہیں ہے ۔

ملٹی نیشنل کمپنیاںخون نچوڑ رہی ہیں۔ جو حکومت آتی ہے وہ پروٹوکول اور اپنی مراعات کے حصول میں کمی تو کرتی نہیں بلکہ الٹا ملک کو مزید قرضوں کے بوجھ تلے دبا دیتی ہے۔ محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ ہمارے ملکی اور قومی مسائل کے بارے میں پالیسیاں بنانے والے اصل لوگ عوام کو درپیش مسائل سے واقفیت ہی نہیں رکھتے ۔مٹھی بھر اشرافیہ سب کچھ یرغمال بنایا ہوا ہے ۔ہماری اصل لڑائی موجودہ فاسد نظام سے ہے۔ ہم اس میں پیچ ورک کے قائل نہیں، ہم اسے جڑ سے اکھاڑ دینا چاہتے ہیں ۔حکمرانوں کی نا اہلی کی بدولت کاشتکار ، ڈاکٹرز ، انجینئر سب پریشان ، صرف تین ماہ کے دوران ڈیڑھ لاکھ افراد ملک چھوڑ چکے ہیں۔